این ٹی اے کو پھر طلبا کی ناراضگی کا سامنا، جئے پور سنٹر پر بجلی کٹنے کے سبب چھوٹ گیا امتحان

حیرت کی بات یہ رہی کہ بجلی کٹنے پر کالج کے جنریٹر کو چلانے کی کوشش کی گئی، لیکن اس میں ڈیزل نہیں تھا۔ اس کے بعد دوسرا جنریٹر منگوایا گیا، لیکن وہ بھی تکنیکی وجوہات کی بنا پر شروع نہیں ہو سکا۔

<div class="paragraphs"><p>امتحان، تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

جئے پور کے شری ستیہ سائی کالج میں آل انڈیا آیوش پی جی انٹرنس امتحان کے دوران بجلی کٹنے سے زبردست ہنگامہ مچ گیا۔ این ٹی اے کی جانب سے منعقد کیے گئے آن لائن امتحان کے دوران بجلی کٹنے کے سبب کچھ امیدوار پرچہ درمیان میں چھوڑ کر باہر آ گئے اور این ٹی اے کے خلاف اپنی ناراضگی ظاہر کی۔ بعد میں این ٹی اے کی جانب سے ان طلبا کے لیے دوبارہ امتحان منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جن کا امتحان چھوٹ گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ پہلی شفٹ کا امتحان صبح 10 بجے سے 12 بجے تک ہونا تھا، لیکن 10.15 بجے ہی بجلی گل ہو گئی۔ بجلی نہ آنے کی وجہ سے امتحان متاثر ہوا۔ پہلی شفٹ میں بجلی کٹنے کے باوجود انتظامات درست نہیں ہو سکے، جس کا اثر دوسری شفٹ کے امتحان پر بھی پڑا۔ دوسری شفٹ میں بھی بڑی لاپروائی دیکھنے کو ملی۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے آن لائن امتحان وقت پر شروع نہیں ہو سکا۔ امیدواروں کی انٹری دوپہر 1 بجے سے 2.30 بجے تک ہونی تھی، لیکن تقریباً 3 بجے تک بھی امیدوار باہر بیٹھے رہے۔


حیرت کی بات یہ رہی کہ بجلی کٹنے پر کالج کے جنریٹر کو چلانے کی کوشش کی گئی، لیکن اس میں ڈیزل نہیں تھا۔ اس کے بعد دوسرا جنریٹر منگوایا گیا، لیکن وہ بھی تکنیکی وجوہات کی بنا پر شروع نہیں ہو سکا۔ پھر تیسرا جنریٹر منگوایا گیا، لیکن اس سے بھی کافی دیر تک بجلی کی سپلائی شروع نہیں ہو سکی۔

ان ہنگاموں کے درمیان این ٹی اے نے شری ستیہ سائی پی جی کالج میں بجلی گل ہونے سے متاثر ہونے والے امیدواروں کا دوبارہ امتحان کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ این ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 22 اگست کو اے آئی اے پی جی ای ٹی امتحان کی پہلی شفٹ میں ملک بھر کے 200 مراکز پر 35,837 امیدوار شامل ہوئے، جن میں سے 35,788 نے امتحان مکمل کیا۔ تاہم، جئے پور کے شری ستیہ سائی پی جی کالج مرکز پر امتحان میں شامل 192 امیدواروں میں سے 49 امیدوار بجلی گل ہونے کی وجہ سے امتحان مکمل نہیں کر سکے۔ این ٹی اے نے اس پریشانی کے لیے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان 49 امیدواروں کا دوبارہ امتحان یکم ستمبر 2026 کو صبح 10 بجے راجستھان کالج آف انجینئرنگ فار ویمن، جئے پور میں منعقد کیا جائے گا۔ اس سے متعلق مزید معلومات ترمیم شدہ ایڈمٹ کارڈ کے ذریعے دی جائیں گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔