وجے دشمی کے موقع پر این ایس یو آئی نے علامتی پتلے نذرِ آتش کیے
این ایس یو آئی نے ووٹ چوری، پیپر لیک، بے روزگاری، قومی وسائل کی لوٹ، ملک کی خودمختاری سے متعلق خدشات، فرقہ پرستی اور جنسی تشدد کے ملزمین کو تحفظ فراہم کیے جانے جیسے مسائل اٹھائے

نئی دہلی: نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے آج نئی دہلی میں واقع اپنے مرکزی دفتر میں وجے دشمی کے موقع پر ایک پروگرام منعقد کیا۔ اس دوران این ایس یو آئی کے کارکنوں نے راون کے ایک منفرد پتلے کو نذرِ آتش کیا، جس میں وزیرِ اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ، چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار، گوتم اڈانی، مکیش امبانی، ڈونالڈ ٹرمپ، موہن بھاگوت، اجیت ڈوبھال، یوگی آدتیہ ناتھ، دشینت گوتم اور راجناتھ سنگھ کے علامتی چہرے دکھائے گئے تھے۔
اس علامتی احتجاج کے ذریعے این ایس یو آئی نے مبینہ ’ووٹ چوری‘، پیپر لیک، بے روزگاری، قومی وسائل کی لوٹ، ملک کی خودمختاری سے متعلق خدشات، فرقہ پرستی اور جنسی تشدد کے ملزمین کو مبینہ طور پر تحفظ فراہم کیے جانے جیسے مسائل اٹھائے۔
این ایس یو آئی کے قومی میڈیا انچارج روی پانڈے نے کہاکہ وجے دشمی برائی پر اچھائی کی جیت کی علامت ہے۔ آج راون دہن کے ذریعے این ایس یو آئی نے ’ووٹ چوری‘، پیپر لیک، بے روزگاری، وسائل کی لوٹ، فرقہ پرستی اور خواتین کے خلاف جرائم کے ملزمین کو تحفظ فراہم کیے جانے جیسے مسائل پر اپنی آواز بلند کی ہے۔ آئین، جمہوریت اور ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کی حفاظت کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
این ایس یو آئی کے دہلی انچارج اکھلیش یادو نے کہاکہ آج وجے دشمی کے موقع پر این ایس یو آئی کے دفتر میں راون کے ایک منفرد پتلے کو نذرِ آتش کیا گیا۔ اس پتلے کے دس چہروں کے طور پر نریندر مودی، گیانیش کمار، امت شاہ، اڈانی، امبانی، ڈونالڈ ٹرمپ، موہن بھاگوت، اجیت ڈوبھال، یوگی آدتیہ ناتھ، دشنیت گوتم اور راجناتھ سنگھ کو دکھایا گیا۔ یہ ان برائیوں کی علامت ہے جن کے خلاف ہم آج جدوجہد کر رہے ہیں۔آج کی برائیوں میں ووٹ چوری، پیپر لیک، بے روزگاری، وسائل کی لوٹ، ملک کی خودمختاری کو امریکہ کے ہاتھوں گروی رکھنا، فرقہ پرستی اور عصمت دری کے ملزمین کو تحفظ فراہم کرنا شامل ہے۔
ہر سال راون جلایا جاتا ہے، لیکن اگلے سال وہ پھر لوٹ آتا ہے۔ اس بار ہم نے راون کی علامت کے ساتھ ان برائیوں کو جلانے کا عزم کیا ہے جن سے ملک اور معاشرہ نبرد آزما ہے۔
این ایس یو آئی نے جمہوری اقدار کے تحفظ، آئینی اصولوں کی حفاظت، انتخابی جواب دہی اور سماجی انصاف کے لیے اپنی مہم جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وجے دشمی کا پیغام واضح ہے ،ناانصافی کے خلاف جدوجہد جاری رہنی چاہیے، سچائی کی جیت ہونی چاہیے اور آئین کا تحفظ ہر چیز پر مقدم ہونا چاہیے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
