کورونا بحران میں منریگا منصوبہ کی بڑھ گئی ڈیمانڈ، نوجوان بھی مانگ رہے کام

پی ایم مودی نے منریگا منصوبہ کو ’غلطی‘ بتایا تھا۔ اب اسی منصوبہ سے جڑے کاموں کی ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے۔ اپریل مہینہ میں اس کے تحت 12841359 لوگوں نے کام مانگا اور مئی میں اس کی طلب 181 فیصد بڑھ گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کا روزگار ختم ہو گیا ہے۔ فیکٹریوں اور کمپنیوں کے بند ہو جانے کی وجہ سے مزدور اپنے گھر جانے کو مجبور ہو گئے ہیں۔ ان میں سے کئی لوگوں کے لیے یو پی اے حکومت کے دوران شروع ہوا منریگا منصوبہ ایک سہارا بن رہا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل 'جن ستّا' پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق کورونا بحران میں منریگا سے جڑے کاموں کی ڈیمانڈ کافی بڑھ گئی ہے۔ اپریل میں اس کے تحت 12841359 لوگوں نے کام مانگا تھا جب کہ مئی میں اس میں 181 فیصد کا اچھال آیا ہے اور منریگا کے تحت کام مانگنے والوں کی تعداد بڑھ کر 36155787 ہو گئی۔

یہ اضافہ اس وقت ہوا ہے جب کورونا انفیکشن پھیلنے کے مدنظر سخت لاک ڈاؤن کے دوران لاتعداد لوگوں کی ملازمت چلی گئی تھی۔ نتیجتاً شرمک ٹرینیں چلنے کے بعد مہاجر مزدور اور کامگار میٹرو پولیٹن سٹی سے لوٹ کر آبائی ریاستوں کو آئے، تو انھوں نے گزر بسر کے لیے منریگا منصوبہ سے جڑے کاموں کی طرف رخ کیا۔


یہی وجہ ہے کہ اب نوجوان بھی منریگا منصوبہ کے تحت کام چاہتے ہیں اور وہ ایسا کر بھی رہے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق قومی دیہی روزگار گارنٹی منصوبہ کے تحت 9.82 فیصد لوگ 18 سے 30 برس کے درمیان کی عمر کے ہیں، 31.14 فیصد لوگ 31 سے 40 سال کے ہیں، 30.03 فیصد لوگ 41 سے 50 سال کی عمر کے ہیں، 19.27 فیصد لوگ 51 سے 60 سال کے درمیان کے ہیں، 9.39 فیصد لوگ 61 سے 80 سال کے درمیان کے ہیں، جب کہ 0.35 فیصد لوگ 81 سال کے اوپر کے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔