سی ایم یوگی نے غیر قانونی مہاجروں کو مُلک سے باہر کرنے کا عزم کیا ظاہر

ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نےجموں کشمیر سے آرٹیکل 370 کو ختم کر کے تاریخی قدم اٹھایا ہے۔

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ 
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ
user

یو این آئی

کانپور: کانپور عوام سے شہر کو پلاسٹک سے پاک کرنے کی اپیل کرتے ہوئے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو اعلان کیا کہ دراندازوں اور دہشت گردوں کو ملک سے باہر نکالا جائےگا۔ جموں وکشمیر سے آرٹیکل370 کا خاتمہ ملک سے دہشت گردی کا ختم کردے گا جبکہ این آر سی کے ذریعہ غیر قانونی طور سے ملک میں رہنے والے مہاجروں کو ملک سے باہر کا راستہ دکھایا جائے گا۔

شاستری نگر کے سنٹرل پارک میں ایک عوام اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نےجموں کشمیر سے آرٹیکل 370 کو ختم کر کے تاریخی قدم اٹھایا ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ آرٹیکل 370 سے صرف جموں وکشمیرمیں دہشت گردوں کو شہ ملی ہے۔لیکن اب اس کے خاتمے کےبعد وہاں اب ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔


کانپور کی ترقی کے بارے میں وزیر اعلی نے کہا کہ’’ کانپور عوام کو پلاسٹک بند کردینا چاہیے۔اس سے شہر صاف ہوگا اور آب وہوا بھی تر وتازہ ہوگی،انہوں نے کہا کہ کانپور نے نمامی گنگے پروجیکٹ میں قابل تعریف کام کیا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے تنبیہ بھی کہ حکومت ترقیاتی کاموں کے لئے جاری کیے گئے بجٹ کا غلط استعمال نہیں ہونے دے گی۔

وزیر اعلی نے اعلان کیا کہ کانپور میں میٹرو کا کام جلد ہی شروع کیا جائےگا۔جبکہ شہر کے ٹرانسپورٹیشن نظام کو مزید بہتر بنایا جائےگا۔سی ایم یوگی نے کہا کہ تمام ’گنگا گھاٹ‘ کی از سرنو تعمیر کے ساتھ ساتھ عوام کو بنیاد سہولیات کی فراہمی کے لئے دیگر پروجکٹوں پر کام جاری ہے۔


کانپور اپنے دورے کےدوران وزیر اعلی نے 515 کروڑ روپئے سے زیادہ اخراجات کے پروجکٹوں کی نقاب کشائی کاسنگ بنیاد رکھا۔یو پی بی جے پی کے صدر سوتنردیو سنگھ، ریاستی وزیر ستیش مشرا، کے ساتھ دیگر بی جے پی لیڈر اور وزراء موجود رہے۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ان تمام حلقوں کا دورہ کررہے ہیں جہاں پر حال ہی میں ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں۔وہ آج بارہ بنکی اور مئو کا بھی دورہ کرسکتے ہیں۔ وہیں دوسری جانب کانپور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی آمد سے قبل سما ج وادی پارٹی (ایس پی) کے متعدد لیڈروں بشمول عرفان سولنکی کو پولس نے نظر بند کردیا اور ان کو گھر سے باہر نہیں نکلنے دیا گیا۔ایس پی لیڈروں کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ یوگی آدتیہ ناتھ کی ریلی کے مقام پر احتجاج کرسکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Sep 2019, 9:10 PM