بہار اسمبلی انتخاب میں این ڈی اے کے وزیراعلیٰ کا چہرہ نتیش ہی ہوں گے: رام ولاس

ایل جے پی کے صدر اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے آج کہاکہ آئندہ سال ہونے والے بہار اسمبلی انتخاب میں قومی جمہوری اتحا د ( این ڈی اے ) کی جانب سے نتیش کمار ہی وزیراعلیٰ کا چہرہ ہوں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

یو این آئی

پٹنہ: لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی ) صدر اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے آج کہاکہ آئندہ سال ہونے والے بہار اسمبلی انتخاب میں قومی جمہوری اتحا د ( این ڈی اے ) کی جانب سے نتیش کمار ہی وزیراعلیٰ کا چہرہ ہوں گے۔

پاسوان نے مرکز کی نریندر مودی حکومت کے سو دن پورے ہونے کے موقع پر یہاں منعقدہ پریس کانفرنس کے بعد کہاکہ وزیراعلیٰ کا چہرہ بار۔ بار نہیں بدلتا ۔ نتیش کمار سال 2020 میں ہونے والے بہار اسمبلی انتخاب کیلئے این ڈی اے کا چہرہ ہوں گے ۔ اور ان ہی کی قیادت میں پورے اتحاد کے ساتھ انتخاب لڑاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار وزیراعلیٰ کے عہدہ پر ہیں اور رہیں گے۔

ایل جے پی صدر نے دعویٰ کیاکہ آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخاب میں پھر سے این ڈی اے کی حکومت بنے گی ۔ این ڈی اے 225 سے زائد سیٹوں پر مضبوطی سے جیت درج کر ے گی۔ انہوں نے کہاکہ این ڈی اے ہے اور رہے گا اسے کوئی توڑنے کی کوشش کرے گا تو وہ کامیاب نہیں ہو سکتا ۔

پاسوان نے بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے ایم ایل سی اور سابق مرکزی وزیر سنجے پاسوان کے بہارکا اقتدار نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی کے حوالے کئے جانے سے متعلق میں دیئے گئے بیان پر پوچھے جانے پر کہاکہ کسی جماعت کے قومی صدر کوئی بیان دیتے ہیں تو اس کا معنی نکالاجانا چاہئے، جیسے ایل جے پی کے وہ قومی صدر ہیں اور پارٹی پارلیمانی بورڈ کے لیڈر رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان ہیں اور اگر وہ کچھ بولیں گے تو معنی نکالاجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ اسی طرح سے بی جے پی کے کسی بھی بڑے لیڈر نے اس پر کچھ بھی نہیں بولا ہے تو پھر یہ سوال کہاں سے اٹھتا ہے ۔

Published: 11 Sep 2019, 10:10 PM