نتیش کمار نے وزیر اعلیٰ عہدہ سے دیا استعفیٰ، آج کسی بھی وقت ہو سکتا ہے نئے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان
نتیش کمار نے کہا کہ ’’ہم نے بہار کے لوگوں کے لیے بہت کام کیا ہے۔ ہم نے لگاتار لوگوں کی خدمت کی ہے۔ ہم نے طے کیا تھا کہ اب وزیر اعلیٰ کا عہدہ چھوڑ دیں گے، اس لیے آج اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔‘‘

بہار کی سیاست آج ایک تاریخی تبدیلی کی طرف قدم بڑھا چکی ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے 14 اپریل کو اپنا استعفیٰ نامہ گورنر کے حوالہ کر دیا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر و نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجئے چودھری کے ساتھ وہ ایک ہی گاڑی میں سوار ہو کر راج بھون پہنچے۔ اس استعفیٰ کے ساتھ ہی بہار میں نتیش کمار کی تقریباً 2 دہائی طویل حکمرانی کا خاتمہ ہو گیا۔ اب نئے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان آج کسی بھی وقت ہو سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دینے کے بعد نتیش کمار نے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک انتہائی جذباتی پوسٹ جاری کیا ہے، جس میں عوام کے تئیں اظہارِ تشکر کیا ہے۔ اس پوسٹ میں وہ لکھتے ہیں کہ ’’آپ جانتے ہیں کہ 24 نومبر 2005 کو ریاست میں پہلی بار این ڈی اے حکومت بنی تھی۔ تب سے ریاست میں قانون کا راج ہے اور ہم لگاتار ترقی کے کام میں مصروف ہیں۔ حکومت نے شروع سے ہی سبھی طبقات کی ترقی کی ہے، چاہے ہندو ہو، مسلم ہو، اعلیٰ ذات ہو، پسماندہ ہو، انتہائی پسماندہ ہو، دلت ہو، مہادلت ہو... سبھی کے لیے کام کیا گیا ہے۔ ہر شعبہ میں کام ہوا ہے، چاہے تعلیم ہو، صحت ہو، سڑک ہو، بجلی ہو، زراعت ہو۔ خواتین اور نوجوانوں کے لیے بھی بہت کام کیا گیا ہے۔‘‘
آئندہ کے منصوبوں کا ذکر بھی نتیش کمار نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’آئندہ 5 سالوں، یعنی 2025 سے 2030 کے لیے 7 نشچے-3 تشکیل دی گئی ہے۔ اس سے مزید کام ہوں گے، جس سے بہار کافی آگے بڑھے گا۔ بہار کی ترقی میں مرکز کا بھی تعاون مل رہا ہے۔ اس کے لے عزت مآب وزیر اعظم نریندر مودی کو میں سلام کرتا ہوں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’بہار مزید تیزی کے ساتھ ترقی کرے گا اور ملک میں سرفہرست ریاستوں میں شامل ہو جائے گا اور ملک کی ترقی میں اہم تعاون دے گا۔ ہم نے بہار کے لوگوں کے لیے بہت کام کیا ہے۔ اتنے دنوں سے ہم نے لگاتار لوگوں کی خدمت کی ہے۔‘‘
وزیر اعلیٰ عہدہ چھوڑنے سے متعلق اپنے فیصلہ پر وہ کہتے ہیں کہ ’’ہم نے طے کیا تھا کہ اب وزیر اعلیٰ کا عہدہ چھوڑ دیں گے، اور اس لیے آج کابینہ کی میٹنگ کے بعد عزت مآب گورنر سے مل کر انھیں استعفیٰ سونپ دیا۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اب نئی حکومت یہاں کا کام دیکھے گی۔ نئی حکومت کو میرا مکمل تعاون اور رہنمائی ملے گی۔ آگے بھی بہت اچھا کام ہوگا اور بہار بہت آگے بڑھے گا۔ سبھی کا بہت بہت شکریہ ادا کرتا ہوں اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔‘‘