’یو پی کی بسوں میں ہارن کے علاوہ سب بجتا ہے‘، گڈکری کا یوگی حکومت پر حیرت انگیز طنز

مرکزی وزیر نتن گڈکری نے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر ایک ایسا طنز کیا ہے جس سے لوگ حیران ہیں۔ بلیا میں ایک جلسہ کے دوران انھوں نے کہہ دیا کہ ’’یو پی کی بس ایسی ہیں جن میں ہارن کے علاوہ سب بجتا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں ترقی اور اچھے کاموں کا دعویٰ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھلے ہی خوب کرتے ہوں، لیکن بی جے پی کے مرکزی وزیر نتن گڈکری اس بات کو درست نہیں مانتے۔ ایک عوامی تقریب کے دوران اس تعلق سے انھوں نے یوگی حکومت پر طنز بھی کیا اور کہا کہ یہاں کی بسوں میں ہارن کے علاوہ سب کچھ بجتا ہے۔

دراصل مرکزی وزیر برائے ٹرانسپورٹیشن نتن گڈکری بی جے پی کے لیے انتخابی تشہیر کرنے یو پی کے بلیا پہنچے تھے۔ اس دوران ایک جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے نتن گڈکری نے کہا کہ اتر پردیش کی بس ایسی ہیں جن میں ہارن کے علاوہ سب بجتا ہے۔ گڈکری نے یو پی کے محکمہ ٹرانسپورٹیشن کی بسوں کا موازنہ مہاراشٹر حکومت کی بسوں سے کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں بس یو پی کی بس جیسی نہیں ہیں۔ ہمارے ناگپور میں 35 ائیر کنڈیشنر بسیں ہیں جو اتھنال سے چلتی ہیں۔


یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے جب نتن گڈکری نے اپنی ہی پارٹی کے لیڈر اور پی ایم مودی پر حملہ کیا ہے۔ اس سے پہلے کئی بار اشاروں اشاروں میں حملہ کر چکے ہیں۔ انھوں نے کہا تھا کہ صرف اچھا بولنے سے کوئی الیکشن نہیں جیت سکتا۔ حال ہی میں نتن گڈکری نے تین ریاستوں میں بی جے پی کی شکست کے بارے میں کہا تھا کہ ’’کامیابی کے تو کئی دعویدار ہوتے ہیں لیکن ناکامی یتیم ہوتی ہے۔ جہاں کامیابی ہے، وہاں سہریٰ لینے والوں کی بھیڑ لگی ہوتی ہے، لیکن شکست میں ہر کوئی ایک دوسرے پر انگلی اٹھانے لگتا ہے۔‘‘

اتنا ہی نہیں، نتن گڈکری نے ہندوستانی فضائیہ کے ذریعہ پاکستان میں گھس کر دہشت گرد کیمپوں پر کیے گئے ائیر اسٹرائیک پر بھی اپنی پارٹی کو نصیحت دی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی کو عام انتخاب سے نہیں جوڑا جانا چاہیے اور نہ ہی کسی کو اس کا سیاسی فائدہ یا سہریٰ لینا چاہیے۔


اس کے علاوہ ممبئی میں منعقد ایک تقریب میں مرکزی وزیر نتن گڈکری نے پی ایم مودی کو اشاروں اشاروں میں نشانہ بنایا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’خواب دکھانے والے لیڈر لوگوں کو اچھے لگتے ہیں، لیکن دکھائے ہوئے خواب اگر پورے نہیں کیے جائیں تو عوام ان کی پٹائی بھی کرتی ہے۔ اس لیے خواب وہی دکھاؤ جو پورے ہو سکیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 May 2019, 3:10 PM