نربھیا معاملہ: مکیش کی آخری امید بھی ٹوٹی، عرضی خارج

جسٹس آر بھانومتی، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس اے ایس بوپنا کی خصوصی بنچ نے مکیش کی عرضی یہ کہتے ہوئے خارج کر دی کہ اس کی عرضی میں کوئی بنیاد نہیں نظر آتی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

عمران خان

نئی دہلی: نربھیا اجتماعی آبروریزی اور قتل معاملے کے قصوروار مکیش کی پھانسی سے بچنے کی آخری کوشش بدھ کو اس وقت ناکام ہوگئی، جب سپریم کورٹ نے رحم کی عرضی خارج کیے جانے کے خلاف اس کی خصوصی اجازت عرضی (ایس ایل پی) مسترد کر دی۔

جسٹس آر بھانومتی، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس اے ایس بوپنا کی خصوصی بنچ نے مکیش کی عرضی یہ کہتے ہوئے خارج کر دی کہ اس کی عرضی میں کوئی بنیاد نہیں نظر آتی۔ عدالت نے نربھیا معاملے کے قصوروار مکیش کی رحم کی عرضی صدر کے ذریعہ خارج کیے جانے کو چیلنج دینے والی اپیل پر منگل کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ بنچ نے مکیش کی جانب سے پیش سینئر وکیل انجنا پرکاش اور حکومت کی جانب سے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا کی دلیلیں سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔


عدالت نے کہا کہ دہلی حکومت نے رحم کی عرضی کے ساتھ صدر کو مناسب دستاویز مہیا کرائے تھے۔ بنچ نے کہا کہ رحم کی عرضی کو خارج کیے جانے کو چیلنج دینے کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ خصوصی بنچ نے کہا کہ قصورواروں کے ذریعہ اٹھائے گئے سبھی مسئلوں پر نچلی عدالت، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے غور کیا تھا اور وزارت داخلہ نے انہیں صدر کے سامنے رکھا تھا۔ صدر کے ذریعہ رحم کی عرضی پر غور و خوض کر کے فیصلہ نہ کرنے کے مکیش کے الزام پر عدالت نے کہا کہ رحم کی عرضی کو جلد نمٹانے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ صدر نے سوچ سمجھ کر فیصلہ نہیں کیا۔

مکیش کی وکیل انجنا پرکاش نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ جیل میں اس کے ساتھ جنسی استحصال اور ظلم کیا گیا تھا اور سبھی حقائق کو صدر کے سامنے نہیں رکھا گیا تھا۔ وکیلوں نے یہ بھی کہا کہ رحم کی عرضی خارج ہونے سے پہلے ہی انہیں اکیلے جیل بھیج دیا گیا تھا، جو اصولوں کی خلاف ورزی تھی، ان الزامات کو بھی خارج کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ مبینہ ظلم رحم کی عرضی کے لئے بنیاد نہیں ہوسکتے اور سبھی دستاویز صدر کے سامنے رکھے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔