کینیڈا کے برٹش کولمبیا کے اسکول میں فائرنگ، 9 افراد ہلاک، 25 زخمی

کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے ٹمبلر رج سیکنڈری اسکول میں فائرنگ سے 9 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور بھی مردہ پایا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے علاقے ٹمبلر رج میں واقع ٹمبلر رج سیکنڈری اسکول میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 25 دیگر زخمی ہو گئے۔ اس واقعے نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

رائل کینیڈین ماونٹڈ پولیس کے مطابق مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 1 بج کر 20 منٹ پر اسکول میں فائرنگ کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے فوراً بعد پولیس اور ہنگامی خدمات کے ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ ابتدائی کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں نے اسکول میں داخل ہو کر خطرے کی تلاش کی اور متعدد متاثرین کو پایا۔ ایک شخص، جسے حملہ آور قرار دیا جا رہا ہے، موقع پر مردہ حالت میں ملا اور بظاہر اس کی موت خود کو پہنچائی گئی چوٹ کے باعث ہوئی۔


پولیس کے بیان کے مطابق اسکول کے اندر 6 مزید افراد مردہ پائے گئے جبکہ ایک زخمی راستے میں دم توڑ گیا۔ دو شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ تقریباً 25 دیگر افراد کو مقامی طبی مرکز میں طبی معائنہ اور علاج فراہم کیا جا رہا ہے، جن کی چوٹیں جان لیوا نہیں ہیں۔

رائل کینیڈین ماونٹڈ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ واقعے سے منسلک ایک دوسرے مقام کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں ایک رہائشی مکان سے دو مزید افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ اس پہلو کی بھی تفتیش جاری ہے کہ آیا اس حملے میں کوئی اور شخص ملوث تھا یا نہیں! پولیس کے مطابق اسکول کے تمام طلبہ اور عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔