معاشی بدحالی کے سبب پھیکا رہا ممبئی میں سال نو کا جشن

ملک میں چھائی معاشی بدحالی کے سبب ممبئی میں امسال نئے سال کا جشن پھیکا نظر آیا اور وہ رونقیں اور وہ سرگرمیاں نہیں دکھلائی دیں جو گزشتہ کئی سالوں سے نئے سال کے استقبال کا حصہ ہوا کرتی تھیں

<div class="paragraphs"><p>Getty Images</p></div>

Getty Images

user

یو این آئی

ممبئی: مایا نگری ممبئی کو یہ شرف حاصل ہے کہ جس طرح سے سال نو کا جشن یہاں منایا جاتا ہے شاید ہی ملک کے کسی شہر میں اس طرح کا نئے سال کا جشن منایا جاتا ہو لیکن ملک میں چھائی معاشی بدحالی کے سبب 31 دسمبر کی رات کو منائے جانے والا یہ جشن ممبئی میں امسال پھیکا نظر آیا اور اس کے جشن کے دوران وہ رونقیں اور وہ سرگرمیاں نہیں دکھلائی دیں جو گزشتہ کئی سالوں سے نئے سال کے استقبال کا حصہ ہوا کرتی تھی۔

معاشی بدحالی کا یہ عالم رہا کہ ممبئی میں جو شراب خانہ اور ہوٹلیں ۳۱؍دسمبر سے قبل نئے سال کے جشن کیلئے جو رقم مقرر کرتی تھی امسال اس میں تخفیف کر کے اسے نصف داموں پر لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اس کے باوجود بھی جشن پھیکا ہی رہا ۔ اپنی نوعیت کے منفرد طور پر منائے جانے والے عروس البلاد کے جشن کا آغاز غروب آفتاب کے بعد ہی شروع ہو گیا ۔

نوجوان لڑکے لڑکیاں اور دیگر عمر کے افراد کو نئے لباس زیب تن کیئے ہوئے شہر کی مختلف تفریح گاہوں ، ہوٹلوں اور شراب خانوں میں دیکھا گیا۔ سرد ہواوں کے جھونکوں میں منائے جانے والا سال نو کے جشن کے موقع پر ممبئی پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کیئے تھے اور جگہ جگہ شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کیئے جانے کے علاوہ ناکہ بندی بھی کی گئی تھی۔


ممبئی کے مرین ڈرائیو ، نریمان پوائنٹ ، باندرا ریکلیمیشن ، ورسوا بیچ اور دیگر علاقوں میں بھی نوجوان لڑکے لڑکیوں کو بے باکانہ انداز میں عشق کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ۔ چند نوجوانوں نے اپنے سروں پر سرخ رنگ کی کرسمس والی ٹوپی پہن رکھی تھی جبکہ نوجوا ن لڑکیاں بھی سرخ رنگ کے ٹی شرٹ اور دیگر لباس پہنی ہوئی تھی ۔ہلکی ہلکی سردی تھی جشن منانے والوں میں کئی ایک افراد نے گرم کپڑے بھی پہن رکھے تھے ۔ ممبئی پولیس کے انسداد منشیات سیل کے دستے کو شہر کے مختلف ہوٹلوں پر نظر رکھتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ممبئی کے ورلی باندرا سی لنک پر برقی قمقمہ لگائے گئے تھے جبکہ مضافات کے باندرا ریکلیمیشن کو دولہن کی طرح سجایا گیا تھا اسی طرح سے ممبئی میونسپل کارپوریشن کی عمارت اور اس کے مقابل واقع سی ایس ٹی اسٹیشن پر بھی رنگین قمقمہ لگائے گئے تھے جو عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے

جی 20 کے موقع پر شہر ومضافات کے جن شہراوں پر ترنگی لائٹ لگائ گئی تھی سال نع کے موقع پر ان میں اضافی قمقمے لگائے گئے تھے ۔بی ایس ٹی اور ریلوے نے رات بھر عوامی گاڑیاں جاری رکھی تھیں جبکہ ٹیکسی والے مسافروں سے منہ مانگا دام وصول کر رہے تھے ۔ممبئی پولیس نے ایس آر پی ، کیو آر ایس اور دیگر مسلح پولیس کو شہر کی تفریح گاہوں پر تعینات کیا تھا ۔ خواتین پولیس عملہ بھی سادہ لباس میں لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں پر نظر رکھے ہوئے تھے ۔شہر کی نامور اور پانچ ستارہ ہوٹلوں میں دس ہزار سے پچاس ہزار کے درمیان پارٹیوں کے دام مقرر کیئے گئے تھے ۔انٹرنیٹ کے ذریعے کئی ایک پارٹیوں کا دعوت نامہ آن لائن دستیاب کرایا گیا تھا جس میں کم قیمت پر پرکشش انداز میں سال نو کا جشن منانے کی پیشکش کی گئی تھی ۔

آن لائن دعوت نامہ کے مطابق ممبئی سے قریب کئی ایک مقامات پر صرف جوڑوں کی پارٹیاں رکھی گئی تھیں جس کا نام ’’ڈیپ لئو‘‘، ۔۔’’لئو ان ایکشن ‘‘ اور دیگر رکھا گیا تھا ۔اس پارٹی میں شرکت کے لئے ضروری تھا کہ صرف مرد و خواتین جوڑے ہی شرکت کر سکتےتھے ۔واحد شخص ، دو مرد ، دو خواتین کو بھی ان پارٹیوں میں داخلے کی اجازت نہیں تھی بلکہ سختی سے صرف مرد و خاتون جوڑے کو ہی ان پارٹیوں میں شرکت کی اجازت تھی ۔جوں ہی گھڑی نے رات بارہ بجے کا اعلان کیا چاروں جانب آتش بازی اور لاوڈاسپیکر پر سے ہیپی نیو ایئر کی آوازیں بلند ہونے لگی اور ایک دوسرے کو لوگوں نے نئے سال کی مبارکباد دی ۔

وزیر اعلی ایکناتھ شندئے نائب وزیراعلی دیوندر فڑنویس اور دیگر کابینی رفقاء نے آج صبج گیٹ وئے آف انڑیا سے سوچھتا مہم کا آغاذ کیا عرس البلاد کے نو تفریحی مقامات سے بیک وقت یہ مہم شروع کی گئ ہیں. وزیر اعلی شندئے نے اس موقع پر نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ پچھلے برس جو ہوا تھا اسے فراموش کر کے آنے والے سال میں مہاراشٹر کی ترقی کیلئے ہمارا ساتھ دیں ۔پانچ ستارہ تاج محل ہوٹل کو بھی روشنی سے سجایا گیا تھا اور گیٹ وے آف انڈیا کے اطراف میں عوام کی بھیڑ کو امڑتے ہوئے دیکھا گیا کئ ایک گارڑن بھی رات بھر کھلے تھے جس میں نوجوان لڑکے لڑکیوں کو بے باکانہ انداز میں عشق کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔غروب آفتاب کے بعد ہی گارڈن کی تمام کرسیاں بھر گئی تھیں اور گارڈن میں جانے کے بعد ایسا لگتا تھا کہ جیسے جوڑوں کا گاڑن ہے یا آپ ہندی فلم کے کسی ایسے رومانٹک منظر کو دیکھ رہے ہوں جس میں ہیرو ہیروئن کے ساتھ گہری سانسوں کے ساتھ عشق کرتے ہوئے دکھلایا گیا ہوسی ایس ٹی اسٹیشن کے مقابل سیلفی پوئنٹ پر بھی تصاویر کھیچنے والوں کی بھیڑ تھی سیلفی پوائنٹ پر رنگین پھولوں سے ہیپئ نیو ائر 2024 لکھا تھا جو عوام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھاسی ایس ٹی اسٹیشن کو رنگین برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔


تفریح گاہوں اور سیروسیاحت کے مقام کے علاوہ ممبئی ک درگاہوں اور مزاروں پر مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد کو عبادت میں مصروف دیکھا گیا ۔ خاص طور سے بہاالدین شاہ بابا ، ماہم کی مخدوم ماہمی درگاہ کے سالانہ میلہ میں شرکت کے لئے آنے والوں کی وجہ سے درگاہ پر زبردست بھیڑ دکھلائ گئ ۔ علمائے کرام نے بھی نو سال کی جشن کی خرافات سے بچنے کیلئے مسلمانوں سے اپیل کی تھی جس کا خاطر خواہ نتیجہ نکلا دعوت اسلامی کی جانب سے ممبئ اور مضافات کی کئ ایک مساجد میں بعد نماز عشاء دینی اجتماعات کا انعقاد کیا گیا تھا ۔شراب خانہ اور ریسٹورنٹ کو رات بھر کھلے رہنے کی اجازت تھی کئی ایک شراب خانوں میں کفایتی داموں پر شراب دستیاب تھی اور طلوع آفتاب سے قبل لوگوں کو مہ نوشی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

گنجان مسلم آبادی والے علاقہ ناگپاڑہ ،بھنڈی بازار ، سانکلی اسٹریٹ اور دیگر مسلم علاقوں میں . چند مسلم نوجوانوں کو 2023 کا پتلا نذر آتش کرتے ہوئے اور نئے سال کی آمد کے موقع پر سیٹیاں بجاتے ہوئے استقبال کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ ممبئی پولیس نے سمندر میں ہونے والی بوٹ پارٹیوں پر بھی پابندی عائد کر دی تھی جس کے سبب سمندری علاقوں میں پولیس کے گشتی دستے کو متحرک دیکھا گیا ۔

کئی مسلم علاقوں میں مذہبی مسلم تنظیموں کی جانب سے نوجوانوں کو ۳۱؍دسمبر نائٹ کی خرافات سے بچنے کے لئے اور اسلام سے جوڑنے کے ارادے سے مذہبی نشستوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں مسلم نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نظر آئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔