کورونا کے نئے ذیلی ویریئنٹ سے خطرہ بڑھا، کیرالہ میں 4 مریضوں کی موت، 335 نئے کیس درج

تازہ معاملات کے باوجود وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورونا سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، حالانکہ کیرالہ میں نئے ذیلی ویریئنٹ کے ملنے سے لوگوں میں فکر پیدا ہونے لگی ہے۔

کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

لوگ ابھی کورونا کی خوفناک یادوں کو بھولے بھی نہیں ہیں اور کووڈ کے ایک نئے ذیلی ویریئنٹ نے ڈرانا شروع کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں نئے معاملے بھی بڑھنے لگے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کے ذریعہ جاری اعداد و شمار کے مطابق اتوار کے روز کووڈ-19 کے 335 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 1701 ہو گئی ہے۔

اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ کورونا کی وجہ سے کچھ لوگوں کی موت بھی ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ابھی تک کورونا انفیکشن سے 5 لوگوں کی موت ہوئی ہے جن میں سے 4 مریضوں کا تعلق کیرالہ سے تھا اور ایک کا اتر پردیش سے۔ کیرالہ میں کورونا کے نئے ذیلی ویریئنٹ جے این 1 کے معاملے سامنے آئے ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ کورونا کے مجموعی معاملے ملک میں اب تک 4.50 کروڑ سے زیادہ ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 4.46 کروڑ افراد اس وائرس سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے ہیں۔ کووڈ-19 سے اب تک ہندوستان میں 5 لاکھ 33 ہزار 316 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ شرح اموات 1.19 فیصد بتائی جا رہی ہے۔ اس درمیان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن کیرالہ میں نئے ذیلی ویریئنٹ نے لوگوں کو فکرمند ضرور کر دیا ہے۔

اس درمیان ذیلی ویریئنٹ جے این 1 کو لے کر کرناٹک حکومت نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حالانکہ کیرالہ میں وزیر صحت وینا جارج کا کہنا ہے کہ فکر کی کوئی بات نہیں ہے، ہم لگاتار مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔