ایل پی جی بحران کے دوران بکنگ کے لیے نئی شرط، کوٹے سے زیادہ سلنڈر کے لیے دینے ہوں گے کچھ سوالوں کے جواب

کئی لوگ ایسے بھی ہیں جواسمارٹ فون خرید نہیں سکتے ہیں۔ ایسے صارفین کو کوٹے کے علاوہ گیس بکنگ کے لیے فون خریدنا، ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے سوالات کے جوابات دینا مشکل ہوگا، انہیں ایجنسی کے چکر کاٹنا پڑیں گے۔

ایل پی جی سلنڈر، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

ایل پی جی سلنڈروں کی قلت کے درمیان نئی شرط لاگو کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (بی پی سی ایل) نے ایک نیا عمل متعارف کرایا ہے۔ جس کے بعد اب کوٹے سے زیادہ سلنڈر لینا چاہتے ہیں تو آپ کو اپنی ضرورت کی وضاحت کرنی ہوگی۔ گھر میں شادی ہے یا بھنڈارا، خاندان کے ممبران اور آنے والے مہمانوں کی بھی تفصیل فراہم کرنی ہوں گی۔

نئے اصول کے مطابق جن صارفین نے سالانہ کوٹے کے 12 سلنڈر حاصل کرلیے ہیں انہیں نئی بکنگ کے لیے’ ہیلو بی پی سی ایل‘ ایپ پر جاکر سوالات کے جوابات دینے ہوں گے۔ خاندان کے ارکان کی تعداد، آنے والے مہمانوں کی تفصیل، گھر میں شادی، بھنڈارا یا کسی دوسرے پروگرام کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی ضرورت ہوگی۔ تبھی سلنڈر بک ہو گا۔


اتوار کے روز سے نافذ ہونے والے اس اصول کی اطلاع گیس ایجنسی آپریٹروں اور صارفین کو بھی نہیں تھی۔ صبح سے ہی موبائل فون کے ذریعے بکنگ کی کوشش کر رہے لوگ ناکام ہونے پر گیس ایجنسی پہنچے۔ ایجنسی پر موجود عملے کو بھی اس کی جانکاری نہیں تھی۔ آپریٹر نے کمپنی کے افسران کو کال کی تو اس نئے عمل کے بارے میں پتا چلا۔

آل انڈیا ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے ریاستی سکریٹری آدرش گپتا کے مطابق صارفین ایک مالی سال میں 12 سلنڈر لے سکتے ہیں۔ بہت سے صارفین کا کوٹہ پورا ہوچکا ہے۔ اس لیے بی پی سی ایل کے نئے رہنما خطوط کے تحت اب صارفین کو بکنگ کے لیے موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔ سلسلہ وار سوالات کے جوابات دینے ہوں گے۔ اس کے بعد ہی بکنگ ہوگی۔


غورطلب ہے کہ اسمارٹ فونز کے دور میں بھی کئی شہری اور دیہی صارفین کی پیڈ والا فون ہی استعمال کرتے ہیں۔ کئی لوگ ایسے بھی ہیں جو اسمارٹ فون خرید نہیں سکتے ہیں۔ ایسے صارفین کو کوٹے کے علاوہ گیس بلنگ کے لیے فون خریدنا، ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے سوالات کے جوابات دینا مشکل ہوگا۔ ایسی صورت میں وہ گھر بیٹھے ایل پی جی بکنگ کی سہولت کا فائدہ بھی نہیں ملے گا۔ انہیں ایجنسی کے چکر کاٹنے پڑیں گے۔

پوچھے جائیں گے یہ سوال:

کیا خاندان میں 6 یا اس سے زیادہ ارکان ہیں؟

کیا خاندان میں مہمان آئے ہیں؟

شادی، بھنڈارا یا کوئی اور تقریب ہے؟

دوسرے گھریلو استعمال کے لیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔