نیٹ یو جی کاؤنسلنگ 2026 کا شیڈول ہوا جاری، 5 اگست سے شروع ہوگا رجسٹریشن

امیدوار اب کاؤنسلنگ سے متعلق تمام قواعد، اہلیت، نشستوں کی تقسیم کے عمل اور ضروری رہنما ہدایات سرکاری ویب سائٹ mcc.nic.in پر دیکھ سکتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>طلبا کی علامتی تصویر</p></div>
i

میڈیکل کاؤنسلنگ کمیٹی (ایم سی سی) نے نیٹ یو جی کاؤنسلنگ سے متعلق انفارمیشن بلیٹن اور کاؤنسلنگ اسکیم جاری کر دی ہے۔ امیدوار اب کاؤنسلنگ سے متعلق تمام قواعد، اہلیت، نشستوں کی تقسیم کے عمل اور ضروری رہنما ہدایات سرکاری ویب سائٹ mcc.nic.in پر دیکھ سکتے ہیں۔ ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور بی ایس سی نرسنگ میں آل انڈیا کوٹہ اور دیگر مرکزی اداروں کی نشستوں کے لیے رجسٹریشن 5 اگست 2026 سے شروع ہوگا۔

دی گئی جانکاری کے مطابق کاؤنسلنگ کا عمل چار مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے راؤنڈ کے لیے رجسٹریشن 5 اگست سے شروع ہو کر 12 اگست 2026 کو دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گا اور نشستوں کی تقسیم کا نتیجہ 17 اگست کو جاری کیا جائے گا۔ دوسرے راؤنڈ کے لیے رجسٹریشن 25 اگست سے شروع ہوگا اور 29 اگست 2026 کو دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گا، جبکہ نشستوں کی تقسیم کا نتیجہ 2 ستمبر کو جاری کیا جائے گا۔ تیسرے راؤنڈ کے لیے رجسٹریشن 11 ستمبر سے شروع ہو کر 15 ستمبر 2026 کو دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گا اور نشستوں کی تقسیم کا نتیجہ 18 ستمبر کو سامنے آئے گا۔


اس کے بعد آن لائن اسٹری ویکنسی راؤنڈ ہوگا، جس کے لیے رجسٹریشن 28 ستمبر سے شروع ہو کر 30 ستمبر 2026 کو دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گا اور نشستوں کی تقسیم کا نتیجہ 3 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا۔ امیدوار صرف تیسرے راؤنڈ تک نشست اپگریڈ کرنے کا اختیار استعمال کر سکیں گے۔ اس کے بعد اگر کوئی امیدوار مختص کی گئی نشست پر داخلہ لے لیتا ہے تو وہ نشست چھوڑ کر کاؤنسلنگ کے کسی مزید مرحلے میں حصہ نہیں لے سکے گا۔

ایم سی سی آن لائن طریقے سے آل انڈیا کوٹہ کی 15 فیصد نشستوں، ڈیمڈ یونیورسٹیوں کی 100 فیصد نشستوں، ایمس اور جپمر کے ساتھ ساتھ دہلی یونیورسٹی، بنارس ہندو یونیورسٹی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ جیسی مرکزی یونیورسٹیوں کی نشستوں کے لیے کاؤنسلنگ منعقد کرے گی۔ اس کے علاوہ ای ایس آئی سی انسورڈ پرسن کوٹہ، کچھ مرکزی بی ایس سی نرسنگ اداروں اور اے ایف ایم سی کے لیے بھی کاؤنسلنگ کا عمل ہوگا، تاہم اے ایف ایم سی کے معاملے میں صرف رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔


اس سال ایم سی سی نے کاؤنسلنگ کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ’فریز‘ اور ’فلوٹ‘ کے اختیارات نافذ کیے ہیں۔ فریز آپشن کا مطلب ہے کہ امیدوار اپنی مختص نشست قبول کر رہا ہے اور مزید اپگریڈیشن نہیں چاہتا۔ یہ آپشن منتخب کرنے والے امیدواروں کو متعلقہ ادارے میں جا کر دستاویزات کی تصدیق اور داخلے کا عمل مکمل کرنا ہوگا۔ دوسری جانب فلوٹ آپشن منتخب کرنے والے امیدوار اگلے راؤنڈ میں بہتر نشست ملنے کا انتظار کر سکیں گے۔ ایسے امیدواروں کو کالج جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وہ اپنے دستاویزات آن لائن اپلوڈ کریں گے اور متعلقہ ادارہ ان کی آن لائن تصدیق کرے گا۔

ایم سی سی کی جانب سے کاؤنسلنگ کا بلیٹن اور اسکیم جاری کیے جانے کے بعد ’نیٹ یو جی 2026‘ میں کامیاب امیدوار اب مقررہ تاریخوں کے مطابق رجسٹریشن، نشستوں کے انتخاب اور کاؤنسلنگ کے مراحل میں حصہ لے سکیں گے۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ رجسٹریشن سے قبل کاؤنسلنگ کے تمام قواعد، فیس، سیکورٹی ڈپازٹ، نشستوں کی تقسیم اور داخلے سے متعلق شرائط کو اچھی طرح پڑھ لیں۔