پیپر لیک: سی بی آئی کی 20 ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ، عدالت میں بقیہ دستاویزات طلب، 3 اگست کو اگلی سماعت

نیٹ یو جی پیپر لیک معاملے میں سی بی آئی نے راؤز ایونیو کورٹ میں 20 ہزار صفحات کی چارج شیٹ داخل کر دی۔ عدالت نے متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کے لیے مزید وقت دیتے ہوئے کیس کی اگلی سماعت 3 اگست مقرر کی ہے

<div class="paragraphs"><p>سی بی آئی علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i

نئی دہلی: نیٹ یو جی 2026 پیپر لیک معاملے کی تحقیقات کر رہی مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) نے راؤز ایونیو کورٹ میں تقریباً 20 ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔ عدالت نے چارج شیٹ کو ریکارڈ پر قبول کرتے ہوئے اس سے منسلک تمام ضمیمہ دستاویزات (اینیکسچر) جمع کرانے کے لیے سی بی آئی کو مزید مہلت دے دی ہے۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت اب 3 اگست کو ہوگی۔

سماعت کے دوران عدالت نے اس بات پر توجہ دلائی کہ چارج شیٹ کے ساتھ دستاویزات، گواہوں کے بیانات اور ضبط شدہ اشیا کی فہرست کا ذکر تو موجود ہے، لیکن جن بیانات اور دیگر دستاویزات کا حوالہ چارج شیٹ میں دیا گیا ہے، وہ عدالتی ریکارڈ پر دستیاب نہیں ہیں۔ عدالت نے سی بی آئی سے وضاحت طلب کی کہ متعلقہ دستاویزات ابھی تک کیوں پیش نہیں کیے گئے۔

اس پر سی بی آئی نے عدالت کو بتایا کہ چارج شیٹ سے وابستہ تقریباً 20 ہزار صفحات پر مشتمل اینیکسچر کی اسکیننگ کا عمل جاری ہے۔ اسی وجہ سے تمام دستاویزات ایک ساتھ جمع نہیں کرائے جا سکے۔ ایجنسی نے عدالت سے مزید وقت دینے کی درخواست کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے بقیہ دستاویزات پیش کرنے کی مہلت دے دی۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 3 اگست کو ہونے والی آئندہ سماعت تک سی بی آئی تمام ضمیمہ دستاویزات عدالت کے سامنے پیش کر دے گی، جس کے بعد مقدمے کی کارروائی مزید آگے بڑھنے کی توقع ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔