نیٹ یو جی 2026: فیس کی واپسی کے لیے امیدواروں کو 7 جولائی تک بینک تفصیلات اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت

نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے نیٹ یو جی 2026 کے اہل امیدواروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 7 جولائی تک اپنی بینک تفصیلات کی تصدیق یا ترمیم مکمل کریں، بصورت دیگر امتحانی فیس کی واپسی ممکن نہیں ہوگی

<div class="paragraphs"><p>تصویر اے آئی</p></div>
i

نئی دہلی: نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے نیٹ یو جی 2026 کے امیدواروں کے لیے امتحانی فیس کی واپسی کے سلسلے میں اہم اطلاع جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اہل امیدوار 7 جولائی رات 11:50 بجے تک اپنی بینک تفصیلات کی تصدیق یا ضرورت پڑنے پر ان میں ترمیم ضرور کر لیں۔ ایجنسی نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت گزرنے کے بعد کسی بھی درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا اور جن امیدواروں کی بینک معلومات بروقت جمع نہیں ہوں گی، انہیں فیس کی واپسی کا فائدہ نہیں مل سکے گا۔

ایجنسی کے مطابق اب تک 829510 امیدواروں نے سرکاری پورٹل پر اپنے بینک اکاؤنٹ کی معلومات کی تصدیق یا تازہ کاری مکمل کی ہے، جبکہ بڑی تعداد میں ایسے امیدوار اب بھی موجود ہیں جنہوں نے یہ عمل مکمل نہیں کیا۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے کہا ہے کہ صرف انہی امیدواروں کی فیس واپس کی جائے گی جن کی بینک معلومات درست اور تصدیق شدہ ہوں گی۔

واضح رہے کہ 3 مئی 2026 کو منعقد ہونے والا نیٹ یو جی امتحان پرچہ افشا ہونے کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد حکومت نے دوبارہ امتحان کرانے کا فیصلہ کیا اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے اعلان کیا کہ تمام رجسٹرڈ امیدواروں سے وصول کی گئی امتحانی فیس واپس کی جائے گی۔ اسی مقصد کے تحت امیدواروں سے درست بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات طلب کی جا رہی ہیں تاکہ رقم براہ راست ان کے کھاتوں میں منتقل کی جا سکے۔


نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے بتایا کہ جن امیدواروں نے پہلے ہی اپنی بینک معلومات کی تصدیق کر دی ہے، ان کے لیے فیس کی واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے، جبکہ جو امیدوار آخری تاریخ سے پہلے اپنی معلومات مکمل کر دیں گے، انہیں ریفنڈ کے اگلے مرحلے میں شامل کیا جائے گا۔

ایجنسی نے امیدواروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سرکاری نیٹ یو جی پورٹل پر جا کر اپنے بینک اکاؤنٹ نمبر، بینک شاخ کا شناختی کوڈ، اکاؤنٹ ہولڈر کے نام اور دیگر ضروری معلومات کا باریک بینی سے جائزہ لیں۔ اگر کسی قسم کی غلطی موجود ہو تو اسے فوری طور پر درست کرکے حتمی طور پر جمع کرا دیں۔

نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے یہ بھی کہا ہے کہ معلومات جمع کرانے کے بعد امیدوار تصدیقی صفحہ ضرور محفوظ کر لیں تاکہ مستقبل میں ضرورت پڑنے پر اسے استعمال کیا جا سکے۔ ایجنسی کے مطابق ایک بار معلومات حتمی طور پر جمع ہونے کے بعد اسی کو درست تصور کیا جائے گا اور 7 جولائی کے بعد بینک تفصیلات میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔

ایجنسی نے امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری وقت تک انتظار کرنے کے بجائے جلد از جلد اپنی بینک معلومات کی تصدیق مکمل کریں تاکہ امتحانی فیس کی واپسی کے عمل میں کسی قسم کی تاخیر یا رکاوٹ پیش نہ آئے۔