این سی ای آر ٹی 2027 سے یونیورسٹی کے طور پر کرے گا کام، کئی اہم کورسز شروع کرنے کی تیاری!
این سی ای آر ٹی کو ’ڈیمڈ ٹو بی یونیورسٹی‘ کا درجہ مل چکا ہے۔ اسی بنیاد پر ادارہ 28-2027 سے اپنے یو جی، پی جی اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں پہلے بیچ کا آغاز کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

’نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ‘ (این سی ای آر ٹی) اب صرف اسکولی نصاب اور کتابیں تیار کرنے تک محدود نہیں رہے گا۔ تعلیمی سال 28-2027 سے این سی ای آر ٹی اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں بھی قدم رکھنے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس کے تحت گریجویشن، پوسٹ گریجویشن اور پی ایچ ڈی سطح کے کورسز شروع کیے جائیں گے۔ ابتدائی مرحلے میں بی اے-بی ایڈ، بی ایس سی-بی ایڈ اور بی کام-بی ایڈ جیسے کورسز شامل ہوں گے۔ ان نصاب میں اسکولی تعلیم، نئی تدریسی تکنیک، اے آئی کے استعمال اور بچوں کو آسان طریقے سے پڑھانے پر زور دیا جائے گا۔ اس کے لیے این سی ای آر ٹی اپنے علاقائی مراکز کو بھی کالج کے طور پر ترقی دے گا۔
قابل ذکر ہے کہ این سی ای آر ٹی کو ’ڈیمڈ ٹو بی یونیورسٹی‘ کا درجہ مل چکا ہے۔ اسی بنیاد پر ادارہ 28-2027 سے اپنے یو جی، پی جی اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں پہلے بیچ کا آغاز کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ابتدا میں بی اے-بی ایڈ، بی ایس سی-بی ایڈ اور بی کام-بی ایڈ جیسے انٹیگریٹیڈ ڈگری پروگرام شروع کیے جانے کا منصوبہ ہے۔ ان کورسز کے نصاب میں اسکولی تعلیم کی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ اس میں اساتذہ کو بہتر طریقے سے پڑھانے، کھیل کھیل میں تعلیم دینے، ٹیکنالوجی کے استعمال اور اے آئی پر مبنی تدریس جیسے موضوعات پر توجہ دی جائے گی۔ این سی ای آر ٹی، این سی ٹی ای کے ساتھ مل کر نصاب کا جائزہ بھی لے گا۔
این سی ای آر ٹی کے جائزے میں جماعت 3، 6 اور 9 کے طلبا کی زبان، ریاضی، سائنس اور سماجی سائنس کی صلاحیتوں کی جانچ کی گئی تھی۔ رپورٹ میں بنیادی ریاضی کی مہارت سے متعلق کئی خامیاں سامنے آئیں۔ جماعت 3 کے 45 فیصد طلبا 99 تک کی تعداد صحیح طریقے سے نہیں لکھ سکے۔ وہیں جماعت 6 کے 47 فیصد طلبا 10 کا پہاڑا نہیں سنا سکے۔
بتایا جا رہا ہے کہ این سی ای آر ٹی کے 6 علاقائی مراکز کو کالج کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ ان میں اجمیر، بھوپال، بھونیشور، میسور، شیلانگ اور پنڈت سندرلعل شرما ووکیشنل ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ شامل ہیں۔ فی الحال ان مراکز میں مقامی یونیورسٹیوں کی ڈگری اور پی ایچ ڈی کرائی جاتی ہے۔ 2027 سے یہاں این سی ای آر ٹی کی اپنی ڈگری شروع کرنے کی تیاری ہے۔ پہلے سے رجسٹرڈ طلبا کو متعلقہ یونیورسٹی ہی ڈگری فراہم کرے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
