نوین پٹنائک نے کی کابینہ میں ردوبدل، 21 نئے وزرا کی حلف برداری

اڑیسہ کے گورنر پروفیسر گنیشی لال نے ریاستی سکریٹریٹ کے لوک سیوا بھون کے کنونشن ہال میں نئے وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔

تصویر ٹوئٹر @Naveen_Odisha
تصویر ٹوئٹر @Naveen_Odisha
user

یو این آئی

بھونیشور: اڑیسہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے اتوار کو اپنی کابینہ میں 21 وزراء کو شامل کرتے ہوئے وزارت میں ایک بڑی تبدیلی کی۔ نئی کابینہ میں 13 کابینی وزیر بنائے گئے ہیں جبکہ 8 لیڈروں کو وزیر مملکت (آزادانہ چارج) بنایا گیا ہے۔ اڑیسہ کے گورنر پروفیسر گنیشی لال نے ریاستی سکریٹریٹ کے لوک سیوا بھون کے کنونشن ہال میں نئے وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اڑیسہ کی سیاسی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ وزراء کونسل کی حلف برداری کی تقریب راج بھون کے علاوہ کہیں اور منعقد ہوئی۔

وزیر اعلیٰ نے ہفتہ کے روز اپنی کابینہ میں شامل تمام وزراء سے کہا تھا کہ وہ اپنے استعفے جمع کرائیں تاکہ چیف منسٹر کی حیثیت سے ان کی پانچویں میعاد کے تیسرے سال کے دوران نئی کابینہ تشکیل دی جاسکے۔ اس کے مطابق تمام 20 کابینی وزراء نے اپنے استعفے اسپیکر ایس این پاترا کو پیش کیے، جنہوں نے خود بعد میں خرابی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔


سیاسی ماہرین نے کہا کہ ریاست میں سال 2024 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے وزارت میں تبدیلی کی گئی ہے۔ نئی وزارت میں وزیر اعلی نوین پٹنائک نے گیارہ وزراء کو ہٹا دیا، جب کہ نو وزراء کو اپنے عہدوں پر برقرار رکھا۔ اس بار چیف منسٹر پٹنائک نے ایک اور وزیر کو شامل کیا ہے، جس سے ان کی حکومت میں وزراء کی کونسل کی تعداد چیف منسٹر سمیت 22 ہوگئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اتوار کو حلف لینے والے 21 وزراء میں سے پانچ خواتین تھیں، جن میں سے دو پہلے ہی پٹنائک حکومت کی کابینہ میں رہ چکی ہیں۔ پٹنائک کی وزارت میں اس بار سات نئے وزراء کو شامل کیا گیا ہے، جن میں سے نوپاڈا اسمبلی سیٹ سے تین بار ایم ایل اے رہنے والے راجندر ڈھولکیا کو پہلی بار کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ باقی چھ نئے لوگوں کو آزادانہ چارج کے ساتھ وزیر مملکت کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔