لداخ میں پھر قدرت نے برپا کیا قہر، برفانی تودہ کی زد میں آنے سے کم از کم 7 لوگوں کی موت، کئی گاڑیاں دب گئیں
ایک سینئر افسر نے بتایا کہ مسافر گاڑی پر وزنی برف کا ڈھیر گر گیا، جس کی وجہ سے گاڑی میں سوار 6 لوگوں کی جائے وقوع پر ہی جان چلی گئی۔ 5 دیگر لوگوں کو سنگین چوٹیں آئی ہیں۔

مرکز کے زیر انتظام خطہ لداخ میں ایک بار پھر قدرت نے اپنا قہر برپا کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برفانی تودہ گرنے کے سبب نصف درجن سے زائد افراد کی موت واقع ہو گئی ہے اور کم از کم 5 لوگ شدید زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ لداخ سیکٹر کے جوجیلا درہ کے زیرو پوائنٹ علاقہ میں پیش آیا۔ برفانی تودہ گرنے کے سبب کچھ گاڑیاں برف کی زد میں آ گئیں۔ اس حادثہ میں اب تک 7 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔
جمعہ کے روز پیش آئے اس حادثہ میں ایک ہی گاڑی میں سوار 6 لوگوں کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آ رہی ہے۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ مسافر گاڑی پر وزنی برف کا ڈھیر گر گیا، جس کی وجہ سے گاڑی میں سوار 6 لوگوں کی جائے وقوع پر ہی جان چلی گئی۔ 5 دیگر لوگوں کو سنگین چوٹیں آئی ہیں۔ سبھی زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
اس حادثہ کی خبر ملتے ہی دفاعی دستہ کو فوراً جائے وقوع پر بھیجا گیا۔ انھوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی افراد اور لاشوں کو ملبہ سے باہر نکالنے کی کوششیں شروع کر دیں۔ مقامی افسران نے تصدیق کی ہے کہ بچاؤ اور راحت کاری مہم دیر تک چلائی گئی۔ یہ مہم پیچیدہ پہاڑی علاقہ میں انجام دی گئی، جس کی وجہ سے مشقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی انتظامیہ نے بھی راحت رسانی میں کافی مدد کی۔ قابل ذکر ہے کہ لداخ میں برفانی تودہ کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں، جن میں ہلاکتیں بھی ہوتی ہیں۔