اہم خبر: ضلع کونسل کی میٹنگ میں بی جے پی رکن نے کانگریس رکن اسمبلی کو دکھایا جوتا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

09 Sep 2019, 8:43 PM

راجستھان: ضلع کونسل کی میٹنگ میں بی جے پی رکن نے کانگریس رکن اسمبلی کو دکھایا جوتا

بی جے پی لیڈروں کی بداخلاقی اور بدتمیزی کوئی نئی بات نہیں ہے۔ نیا معاملہ راجستھان کے باڑمیر کا سامنے آیا ہے جہاں ضلع ہیڈ کوارٹر پر پیر کو طویل مدت کے بعد منعقد ہوئی ضلع کونسل کے جنرل اسمبلی کی میٹنگ میں سبھی اخلاقیات ٹوٹ گئے۔ یہاں بحث کے دوران بی جے پی کے ضلع کونسل رکن نے باڑمیر کے کانگریس رکن اسمبلی میوا رام جین کو جوتا تک دکھا دیا۔ اس سے میٹنگ میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ حالانکہ اس کے بعد بی جے پی رکن نے کانگریس لیڈر سے معافی مانگ لی اور میٹنگ دوبارہ شروع ہو گئی، لیکن بی جے پی لیڈر کی حرکت سے وہاں موجود سبھی لوگ حیران رہ گئے۔

09 Sep 2019, 8:10 PM

گجرات: دل ٹوٹنے پر نوجوان نے بلڈنگ سے لگائی چھلانگ

پالنپور: گجرات کے شہر پالنپور میں آج اس وقت بہت ڈرامائی منظر دیکھنے میں آیا جب دل ٹوٹنے سے مایوس ایک نوجوان نے لوگو ں اور پولیس کی موجودگی میں ایک بلنڈنگ سے خودکشی کے ارادے سے چھلانگ لگا دی لیکن نیچے ایک بڑا جال بچھا کر اسے بچا لیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ شہر سے 10 کلومیٹر دور واسنا گاؤں کےراہل والمكي (21) کی منگیتر کسی اور کے ساتھ بھاگ گئی جس سے وہ کافی مایوس رہنے لگا تھا۔ آج وہ شہر کے ڈاكٹرس ہاؤس علاقے میں ایک چار منزلہ عمارت کی چھت پر خودکشی کے ارادے سے سے چڑھ گیا ۔موقع پر موجود لوگوں نے پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔پولیس اورفائر بریگیڈ کاعملہ جلد ہی موقع پر پہنچ گئے۔ پولس کے کافی سمجھانے کے باوجود راہل نے اوپر سے چھلانگ لگا دی لیکن تب تک لوگوں اور پولیس نے ایک بڑا سا جال بچھا کر اس کی جان بچالی جس کا ویڈیو سوشل نیٹ ورکنگ میں وائرل ہورہا ہے۔

09 Sep 2019, 7:03 PM

کیرالہ میں دہشت گردانہ حملے کا خدشہ، الرٹ جاری

کیرالہ میں دہشت گردانہ حملے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کیرالہ کے ڈی جی پی لوک ناتھ بیہرا نے میڈیا کو بتایا کہ ’’فوج کے ذریعہ دہشت گردانہ حملے کا خدشہ جاری کیا گیا ہے جس کے بعد ریاست کے سبھی اضلاع کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ عوامی مقامات پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے اور ریاست بھر کی پولس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکل کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔‘‘


09 Sep 2019, 6:10 PM

DUSU: این ایس یو آئی امیدوار پر حملہ، اے بی وی پی پر لگا الزام

دہلی یونیورسٹی طلبا یونین انتخاب انتہائی قریب ہیں اور این ایس یو آئی کے نائب صدر امیدوار انکت بھارتی پر کچھ شرپسندوں کے ذریعہ حملہ کیے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس سلسلے میں کچھ ٹوئٹس بھی سامنے آئے ہیں جس میں انکت بھارتی پر حملہ کا الزام اے بی وی پی کارکنان پر لگایا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 12 ستمبر میں دہلی یونیورسٹی طلبا یونین الیکشن کے لیے پولنگ ہونی ہے اور این ایس یو آئی کارکنان کا کہنا ہے کہ انکت پر ہوا حملہ قانون پر عمل نہ کرنے والوں اور ذات پات کی بنیاد پر لڑائی کرنے والوں کی ذہنیت ظاہر کرتا ہے۔ خبروں کے مطابق انکت بھارتی پر یہ حملہ کالج آف ووکیشنل اسٹڈیز کے پاس ہوا ہے۔

09 Sep 2019, 5:04 PM

بنگلہ دیش کے خلاف افغانستان کی دھماکہ دار فتح، کپتان راشد خان نے لیے 11 وکٹ

افغانستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں کامیابی کی داستان رقم کر دی ہے۔ راشد خان کی کپتانی میں پہلی مرتبہ میدان میں اتری افغانستان کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 224 رن کے بڑے فرق سے شکست دی۔ اس میچ میں راشد خان نے ایک کپتان کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے پورے میچ میں 11 وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دیا۔ اس بہترین کارکردگی کے لیے راشد کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی ملا۔ واضح رہے کہ راشد خان نے افغانستان کے لیے لیے پہلی اننگ میں نصف سنچری بھی لگائی تھی جب کہ دوسری پاری میں انھوں نے 24 رن بنائے۔

قابل ذکر ہے کہ پہلی اننگ میں افغانستان نے 342 رن بنائے تھے جب کہ دوسری اننگ میں ٹیم 260 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔ دوسری طرف بنگلہ دیش نے پہلی اننگ میں محض 205 رن بنائے تھے اور دوسری پاری محض 173 رن پر سمٹ گئی۔


09 Sep 2019, 4:09 PM

اتر پردیش: ہاپوڑ میں بی جے پی لیڈر کے قتل سے سنسنی

ہاپوڑ: اترپردیش کے ضلع ہاپوڑ کے شہر علاقے میں پیر کی صبح نامعلوم افراد نے بی جے پی لیڈر راکیش شرما کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولس ذرائع کے مطابق یہ حادثہ صبح 7 بجے اس وقت پیش آیا جب بی جے پی کے بلاک سطح کے سکریٹری راکیش شرما اپنے موٹر سائیکل سے جارہے تھے۔ راکیش شرما جنتا انٹر کالج میں ملازم تھے۔ حادثے کے بعد بڑی تعداد میں بی جے پی کارکنان اسپتال کے باہر جمع ہوئے اور پولس کی لاپروائی کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔

09 Sep 2019, 3:06 PM

جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش میں آیا زلزلہ، ریکٹر اسکیل پر رفتار 5.0

جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش سرحد پر پیر کے روز زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا۔ ہماچل کے چمبا میں دوپہر 12 بج کر 10 منٹ پر زلزلہ آیا۔ اس کی تیزی ریکٹر اسکیل پر 5.0 تھی۔ حالانکہ اس دوران کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی خبر نہیں ہے۔ نصف گھنٹے میں دو بار زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا۔


09 Sep 2019, 2:05 PM

معاشی بحران: اشوک لے لینڈ کے ہزاروں ملازمین بے کار، کئی دنوں تک بند رہیں گے 5 بڑے پلانٹ

آٹو سیکٹر کی بڑی کمپنی اشوک لے لینڈ نے اپنے پانچ پلانٹوں کو کئی دنوں تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران کمپنی کے ہزاروں ملازمین گھر بیٹھیں گے۔ کمپنی نے پنت نگر پلانٹ کو 18 دن، بھنڈارا پلانٹ کو 10 دن، الور پلانٹ کو 10 دن، ہوسُر پلانٹ کو 5 دن اور اینور پلانٹ کو 16 دن بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوجا گروپ کی اہم کمپنی اشوک لے لینڈ کی کل فروختگی اگست میں 70 فیصد گھٹ کر 3336 ٹرک رہ گئی تھی۔ گزشتہ سال اسی مہینے میں کمپنی نے 11135 ٹرک فروخت کیے تھے۔

09 Sep 2019, 12:27 PM

جموں و کشمیر میں نظر بند سی پی ایم لیڈر تاریگامی بغرض علاج دہلی کے ایمس میں داخل

جموں و کشمیر میں دفعہ 370 ہٹائے جانے کے وقت سے نظر بند سی پی ایم لیڈر تاریگامی کو دہلی لایا گیا ہے۔ دراصل وہ بیمار تھے اور سی پی ایم لیڈر سیتا رام یچوری نے ان سے سری نگر میں گزشتہ دنوں ملاقات کی تھی۔ بعد ازاں انھوں نے تاریگامی کی بیماری سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی تھی۔ اس کے بعد عدالت عظمی نے حکم دیا تھا کہ تاریگامی کو سری نگر سے دہلی کے ایمس منتقل کیا جائے اور مناسب علاج کرایا جائے۔ اسی کے پیش نظر تاریگامی کو سری نگر سے دہلی لایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */