اہم خبر: یوگی نے عوام کو دیا شدید جھٹکا، بجلی کے داموں میں بھاری اضافہ

یو پی میں بجلی کے داموں میں 12 فیصد کا بھاری اضافہ
اتر پردیش کے لوگوں کو حکومت کی جانب سے شدید جھٹکا دیا گیا ہے۔ یوگی حکومت نے بجلی کے داموں میں اضافہ کر دیا ہے۔ یو پی میں گھریلو بجلی کی شرحوں میں 8 سے 12 فیصد تک کا اضافہ کیا ہے۔ جبکہ صنعتی علاقوں میں بجلی کی شرحوں میں 5 سے 10 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
یوگی حکومت کافی وقت سے بجلی کے داموں میں اضافہ پر غور کر رہی تھی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاور یوٹیلٹی اتر پردیش پاور کارپوریشن لمیٹڈ (یو پی پی سی ایل) نے 25 فیصد تک دام بڑھانے کی سفارش کی تھی۔ اسے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ یوپی میں بجلی کی شرحوں میں بھاری اضافہ ہو سکتا ہے۔
نئی شرحوں سے سب سے زیادہ گھریلو صارفین متاثر ہوں گے۔ اس سے قبل بجلی کمپنیوں کی طرف سے شہری صارفین کی 0-150 یونٹ کی سلیب کی بجلی شرح 6.20 روپے فی یونٹ کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں جن صارفین کی کھپت 500 یونٹ سے زیادہ ہے ان کے لئے ایک روپے فی یونٹ اضافہ کی سفارفت کی گئی تھی۔ فی الحال 500 یونٹ کے لئے صارفین کو 6.50 روپے فی یونٹ ادا کرنے پڑتے ہیں، آگے سے انہیں بڑھی ہوئی قیمتیں ادا کرنی ہوں گی۔
جنگ سے کسی مسئلہ کا حل ممکن نہیں : عمران خان
اسلام آباد: پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ جنگ کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں ہے اور جو لوگ جنگ کو حل سمجھتے ہیں، وہ سمجھدار نہیں ہیں اور شاید انہیں تاریخ کا علم بھی نہیں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جس مسئلہ کوجنگ کے ذریعہ حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے اس کی جگہ چار مسائل اور پیدا ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس نے بھی جنگ سے کسی تنازعہ کو حل کرنے کی کوشش کی وہ بھلے ہی جنگ جیت گیا ہو لیکن حقیقت میں اس کی ہار ہوئی ہے کیونکہ جنگ کے بعد جو نقصانات ہوتے ہیں اس کی بھرپائی کرنے میں کافی وقت لگ جاتا ہے۔
کیلیفورنیا میں کشتی ڈوبنے سے 25 افراد ہلاک، 9 لاپتہ
لاس اینجلس: امریکہ میں ریاست کیلی فورنیا کے سانتا کروز جزائر کے قریب ایک کشتی میں آگ لگنے سے 25 افراد کی موت ہوگئی۔
مقامی میڈیا نے امریکی کوسٹ گارڈ فورس کے حوالہ سے منگل کو بتایا کہ راحت عملہ کو کم سے کم 25 لاشیں ملی ہیں۔ ’كنسیپشن‘ نامی اس اسکوبا ڈائیونگ کشتی کے ڈوبنے کے بعد پانچ افراد کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ 9 اب بھی لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔
کے ایف ایس این چینل نے بتایا کہ مذکورہ کشتی میں 39 افراد سوار تھے۔ کشتی نے اپنا سفر ہفتہ کو چینل جزائر سے شروع کیا تھی اور اس کومنگل کو سانتا باربرا پہنچنا تھا۔ کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ ہندوستانی وقت کے مطابق پیرکی شام تقریباً 1545 بجے (مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 0315 بجے) ایک کشتی کے ڈوبنے کی اطلاع ملی۔ ڈوبنے سے پہلے کشتی میں آگ لگ گئی تھی۔ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔تفتیشی حکام نے آتشزدگی کی جانچ شروع کر دی ہے۔
چدمبرم کی سی بی آئی حراست کی مدت 5 ستمبر تک بڑھائی گئی
آئی این ایکس میڈیا کیس میں پی چدمبرم اب 5 ستمبر تک سی بی آئی کی حراست میں رہیں گے۔ سپریم کورٹ نے یہ حکم صادر کیا ہے۔ حالانکہ سماعت کے دوران سی بی آئی نے کہا کہ اسے اب چدمبرم کی حراست کی ضرورت نہیں ہے، عدالت چدمبرم کو عدالتی حراست میں بھیج سکتا ہے۔
نوئیڈا سیکٹر-61 کے میٹرو اسٹیشن پر ایک شخص نے کی خود کشی
نوئیڈا: قومی دارالحکومت سے متصل نوئیڈا سیکٹر-61 میٹرو اسٹیشن پر منگل کو ایک شخص نے میٹرو ریل کے آگے کود کر مبینہ طور پر خود کشی کر لی۔ پولس کے مطابق متوفی کا نام منوج کمار ہے۔ وہ سیکٹر 44 کا رہنے والا ہے اور سیکورٹی گارڈ کی نوکری کرتا تھا۔ اطلاع ملنے پر پولس موقع پر پہنچ گئی ہے اور آگے کی کارروائی کر رہی ہے۔
(یو این آئی)
بہار: آر جے ڈی نے بینر کے ذریعہ نتیش کمار پر کیا حملہ
بہار میں اسمبلی انتخاب کافی قریب ہے اور اب یہاں سیاسی پارٹیوں نے اپنی طرف سے الیکشن کی تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔ ایک بینر جنتا دل یو کی طرف سے کچھ دنوں سے وائرل ہو رہا تھا جس میں لکھا تھا ’’کیوں کریں وِچار، ٹھیک تو ہے نتیش کمار‘‘۔ اب آر جے ڈی نے اس پر حملہ کرتے ہوئے بینر پر لکھا ہے ’’کیوں نہ کریں وِچار، بہار جو ہے بیمار‘‘۔
پرینکا گاندھی نے آٹو سیکٹر کی بدحالی کو لے کر پھر کیا مودی حکومت پر حملہ
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آٹو سیکٹر کی بدحالی کی خبروں کے درمیان ایک بار پھر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’کسی جھوٹ کو سو بار کہنے سے جھوٹ سچ نہیں ہو جاتا۔ بی جے پی حکومت کو یہ اعتراف کرنا چاہیے کہ معیشت تاریخی بحران کی شکار ہے اور انھیں اس کا حل تلاش کرنے کی طرف بڑھنا چاہیے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے ساتھ ہی یہ سوال بھی پوچھا ہے کہ ’’مندی کا حال سب کے سامنے ہے۔ حکومت کب تک ہیڈ لائن مینجمنٹ سے کام چلائے گی؟‘‘
مہاراشٹر: او این جی سی پلانٹ میں آگ لگنے سے 7 افراد ہلاک، کئی زخمی
مہاراشٹر کے نوی ممبئی واقع اورن علاقہ میں او این جی سی کے ایل پی جی پلانٹ میں زبردست آگ لگ گئی ہے۔ کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق آگ میں جھلس کر 7 لوگوں کی دردناک موت ہو گئی ہے جب کہ 3 لوگوں کے جھلس جانے کی خبریں ہیں۔ زخمیوں کو قریب کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پلانٹ میں موجود دوسرے ملازمین کو نکال لیا گیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق آگ پر قابو لیا گیا ہے۔
دہلی: سیلم پور میں چار منزلہ عمارت منہدم، 2 ہلاک 3 زخمی
مشرقی دہلی کے سیلم پور میں چار منزلہ عمارت منہدم ہو جانے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ حادثے میں کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں۔ خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ کے مطابق کم از کم تین افراد اس حادثہ میں زخمی ہوئے ہیں۔ موقع بچاؤ اور راحت کاری کا کام جاری ہے۔ حادثہ میں کئی لوگ ملبے میں پھنس گئے تھے جن میں سے کچھ لوگوں کو محفوظ باہر نکال لیا گیا ہے۔ خبروں کے مطابق زخمیوں کو قریب کے اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
