اہم خبر: 23 دنوں کے اندر آئے گا ایودھیا معاملہ پر فیصلہ... ہندو مہاسبھا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

16 Oct 2019, 5:05 PM

ایودھیا تنازعہ: 23 دنوں کے اندر سنایا جائے گا فیصلہ... ہندو مہاسبھا

ایودھیا اراضی تنازعہ کی سماعت مکمل ہونے کے بعد ہندو مہاسبھا کے وکیل ورون سنہا نے کہا کہ ’’سپریم کورٹ نے حکم کو محفوظ رکھا ہے اور یہ واضح کیا ہے کہ اس معاملے میں 23 دنوں کے اندر فیصلہ آ جائے گا۔‘‘

16 Oct 2019, 4:23 PM

ایودھیا معاملہ پر سپریم کورٹ میں سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ

بابری مسجد-رام مندر اراضی تنازعہ پر سپریم کورٹ میں سبھی تفریق کی بحث مکمل ہو گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا ہے۔ اب سپریم کورٹ اس فیصلہ کو لکھے گا اور پھر ایک تاریخ مقرر کر باضابطہ یہ فیصلہ سنایا جائے گا۔ فیصلہ لکھنے میں عدالت کو تقریباً ایک مہینے کا وقت لگے گا۔ امید کی جا رہی ہے کہ 17 نومبر تک عدالت اس تاریخی معاملہ پر فیصلہ سنائے گی۔

16 Oct 2019, 3:52 PM

ایودھیا کیس میں مسلم-ہندو فریق کے درمیان ہوا سمجھوتہ، ثالثی پینل کی رپورٹ پیش: ذرائع

نئی دہلی: سپریم کورٹ میں اجودھیا تنازع کی سماعت کے آخری دن دونوں فریقوں کے درمیان سمجھوتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ ذرائع کے مطابق عدالت عظمیٰ کے ذریعہ مقرر کردہ ثالثی پینل نے عدالت میں ایک رپورٹ داخل کی، جس میں کہا گیا ہے کہ اجودھیا تنازع پر ہندو فریق اور مسلم فریق میں اجودھیا تنازع کے سلسلے میں معاہدہ ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کی شرائط کے مطابق متنازعہ اراضی پر رام مندر کی تعمیر ہو لیکن اس کے بجائے مسجد کے لئے جگہ دی جائے۔ ذرائع کے مطابق ، مذہبی مقامات کا قانون 1991 نافذ ہو، جس کے مطابق تمام مذہبی مقامات کی 1947 کی حیثیت برقرار رکھنے کے بارے میں کہا گیا ہے۔

(یو این آئی)


16 Oct 2019, 3:11 PM

آندھرا پردیش: تلگو اخبار کے صحافی کا مہلک ہتھیار سے حملہ کر کے قتل

حیدرآباد: آندھراپردیش کے ضلع مشرقی گوداوری میں تلگو اخبار کے ایک صحافی کا مہلک ہتھیار سے حملہ کر کے قتل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 45 سالہ صحافی کے ستیہ نارائنا تلگو روزنامہ آندھرا جیوتی کا رپورٹر تھا۔ منگل کی شب پیش آئی اس واردات کے بعدحملہ آور وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔حملہ اتنا شدید تھا کہ وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ اے پی کے ڈی جی پی گوتم سوانگ نے مشرقی گوداوری کے ضلع ایس پی عدنان نعیم کو ہدایت دی کہ وہ شخصی طور پر مقام واردات کا معائنہ کریں اور حقائق کو معلوم کریں۔ ڈی جی پی نے ایس پی کو ہدایت دی کہ وہ فوری طورپر خاطیوں کی گرفتاری کے اقدامات کریں۔

16 Oct 2019, 2:04 PM

این آئی اے نے تین سال تک میرے خلاف جانچ کی، لیکن کوئی ثبوت پیش نہیں کیا: ذاکر نائک

معروف اسلامی اسکالر ذاکر نائک نے خود کے اوپر این آئی اے کے ذریعہ لگائے گئے الزامات پر بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’یہ بدقسمتی ہے کہ این آئی اے، جس نے 3 سال سے زیادہ وقت تک میری جانچ کی، نے عوامی طور پر مجھے دہشت گردی سے جوڑنے کے دعوے کیے، لیکن اس نے ایک بھی ثبوت پیش نہیں کیا۔‘‘


16 Oct 2019, 1:16 PM

ایودھیا اراضی تنازعہ: سنی وقف بورڈ چیئرمین نے دعویٰ واپسی کے لیے عدالت میں داخل کی عرضی

سپریم کورٹ میں ایودھیا اراضی تنازعہ کی آخری دن کی سماعت جاری ہے۔ اس درمیان ایک بڑی بات سامنے آئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سنی وقف بورڈ کے چیئرمین ظفر احمد فاروقی کی جانب سے عدالت میں شری رام پنچو کے ذریعہ ایک درخواست پیش کی گئی ہے جس میں اس کیس سے اپنا دعویٰ واپس لیے جانے کی بات کہی گئی ہے۔ شری رام پنچو ثالثی کمیٹی کا ایک حصہ تھے۔ حالانکہ عدالت کی جانب سے ابھی اس پر کوئی تبصرہ نہیں آیا ہے۔

16 Oct 2019, 12:09 PM

ایودھیا کیس چھوڑنے سے متعلق سنی وقف بورڈ کے کسی حلف نامہ کا ہنوز سپریم کورٹ میں تذکرہ نہیں

ایک طرف بابری مسجد اور رام مدنر اراضی معاملہ پر سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے اور دوسری طرف سنی وقف بورڈ کے ذریعہ کیس واپس لینے کے لیے حلف نامہ بذریعہ ثالثی پینل داخل کیے جانے کی خبروں سے لوگوں میں تذبذب کی حالت دیکھی جا رہی ہے۔ حالانکہ کچھ میڈیا ذرائع نے اس طرح کی خبروں کو غلط بتایا ہے کہ اتر پردیش سنی وقف بورڈ کے ذریعہ کوئی حلف نامہ داخل کیا گیا ہے۔ چونکہ سپریم کورٹ میں بھی ابھی تک کی سماعت کے دوران سنی وقف بورڈ کے کسی حلف نامہ کا تذکرہ نہیں کیا گیا ہے، اس لیے کئی طرح کی غلط فہمی کا بازار گرم ہے۔ حالانکہ سنی وقف بورڈ اگر اس کیس سے اپنا قدم واپس کھینچ بھی لتیا ہے تو باقی مسلم فریق کے برقرار رہنے پر کیس کی نوعیت یا فیصلے میں کوئی فرق پڑتا ہوا نظر نہیں آ رہا ہے۔


16 Oct 2019, 11:12 AM

جموں و کشمیر: اننت ناگ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں 3 دہشت گرد ہلاک

جموں و کشمیر کے پولس افسروں نے جانکاری دی ہے کہ جنوبی کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں تین دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ یہ سبھی حزب المجاہدین سے تعلق رکھتے تھے۔

16 Oct 2019, 10:04 AM

جموں و کشمیر: دفعہ 370 ہٹانے کے خلاف مظاہرہ کرنے والی فاروق عبداللہ کی بیٹی عدالتی حراست میں

15 اکتوبر کو جموں و کشمیر کے سری نگر میں سول سوسائٹی کی خواتین کے ذریعہ مودی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔ ریاست سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے خلاف لال چوک پر ہوئے اس مظاہرہ کی قیادت سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کی بیٹی صفیہ اور بہن ثریا کر رہی تھیں۔ کل ان دونوں کو ہی بی ایس ایف کے جوانوں نے حراست میں لے لیا تھا اور تازہ خبروں کے مطابق صفیہ کو آج عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔


16 Oct 2019, 8:55 AM

ایودھیا کیس: سپریم کورٹ میں آج سماعت مکمل ہونے کی امید، سبھی کو فیصلے کا انتظار

بابری مسجد اور رام جنم بھومی اراضی تنازعہ سے متعلق سپریم کورٹ میں آج سماعت مکمل ہو سکتی ہے۔ 15 اکتوبر کو ہی چیف جسٹس آف انڈیا نے اس کیس کی سماعت کے دوران کہا تھا کہ 16 اکتوبر کو سماعت کی آخری تاریخ ہوگی اور بدھ کو ہی سماعت مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ یہ بات کہتے ہوئے عدالت نے مسلم اور ہندو دونوں فریقوں کو دلیل دینے کے لیے کہا ہے۔ منگل کو عدالت نے کہا کہ بدھ کو ایک گھنٹہ مسلم فریق جواب دیں گے جب کہ چار فریق کو 45-45 منٹ ملیں گے۔ آج ایودھیا معاملہ کی سماعت ختم ہونے کی پوری امید ہے اور اس کے بعد سبھی کو فیصلے کا انتظار رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔