مِیڈیا کی آزادی سلب کی گئی تو ملک زِندہ نہیں رہے گا: فاروق عبداللہ

فاروق عبداللہ نے یہ باتیں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر پی ڈی پی ضلع صدر پلوامہ محمد خلیل بند نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے الزام لگایا کہ ملک میں میڈیا پر زبردست دباؤ ہے اور حکمران جماعت بی جے پی میڈیا کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچائی کو سامنے لانے کے لئے میڈیا ضروری ہے اور اگر میڈیا کی آزادی سلب کی گئی تو یہ ملک زندہ نہیں رہے گا۔

فاروق عبداللہ نے یہ باتیں اتوار کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر پی ڈی پی ضلع صدر پلوامہ محمد خلیل بند نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔

فاروق عبداللہ نے مودی حکومت پر میڈیا کو دبانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا 'اللہ تعالی میڈیا پر رحم کرے۔ ان پر زبردست دباؤ ہے۔ ان کو ڈکٹیٹ کیا جاتا ہے۔ اشتہارات سے محروم کیا جارہا ہے۔ پورے ملک میں میڈیا کو اسی صورتحال کا سامنا ہے۔ آج ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ کہتے ہیں کہ میڈیا آزاد ہونا چاہیے۔ میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی جماعت سے یہ بات کہے جو میڈیا کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہمیں سچائی جاننے کا حق ہے۔ سچائی کو سامنے لانے کے لئے میڈیا ضروری ہے۔ میڈیا آزاد ہونا چاہیے۔ میڈیا کی آزادی ملک کے لئے بہتر ہے۔ اگر میڈیا کو آزادی سے محروم کیا گیا تو یہ ملک باقی نہیں رہے گا'

نیشنل کانفرنس صدر نے یہ بھی الزام لگایا کہ شمالی کشمیر کے کیرن علاقے میں گزشتہ پارلیمانی انتخابات کے دوران فوجی اہلکاروں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے بی جے پی کے حق میں ووٹ ڈالے۔ ان کا کہنا تھا 'آپ (کشمیری عوام) کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔ اگر آپ کو سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے تو آپ کو متحد ہونا پڑے گا۔ امتحان بڑی تیزی کے ساتھ قریب آرہا ہے۔ وہ ہمیں ہرانے کی ہر کوشش کریں گے۔ آپ مجھے خدا را بتا دیجئے کہ کیرن میں کون بی جے پی کے ساتھ وابستہ ہے؟ وہاں فوج نے بٹن دباکر ووٹ ڈالے'۔

فاروق عبداللہ نے اپنی تقریر کے دوران بی جے پی کا نام لئے بغیر کہا 'ہر ایک انسان کو مرنا ہے۔ ہمیں کسی سے ڈرنا نہیں چاہیے۔ ہم ان کی بندوقوں سے کیوں ڈریں؟ یاد رکھیے کہ خدا کی بندوق ان کی بندوق سے زیادہ تیز ہے۔ وہ آپ کا حوصلہ پست کرنے کی کوشش کریں گے۔ آپ اللہ کی رسی کو زور سے پکڑے رکھنا'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Jul 2019, 9:10 PM