’نریندر مودی اور آر ایس ایس آپ کو بندھوا مزدور بنانے کی کوشش کر رہے ہیں‘، تلنگانہ میں گِگ ورکرز سے بولے راہل گاندھی
راہل گاندھی نے کہا کہ ’’گِگ ورکرز ساتھیو، آپ گھبرائیے مت۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم آپ کے خاندانوں کی تعلیم اور صحت کی پوری ذمہ داری لیں گے اور آپ کی مدد کریں گے۔‘‘

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی آج حیدرآباد دورے پر ہیں۔ انہوں نے ’تلنگانہ گِگ ورکرز سوشل سکیورٹی اینڈ ویلفیئر اسکیم‘ کا آغاز کیا۔ جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’کچھ عرصہ قبل تلنگانہ کے گِگ ورکرز کے ساتھ میری بات چیت ہوئی تھی اور آپ نے اپنی تکلیف مجھے بتائی تھی۔ اسی وقت ہم نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ ہم آپ کے مطالبات پورے کریں گے اور آپ کو تحفظ فراہم کریں گے۔ آج ہم اپنا یہ وعدہ پورا کر رہے ہیں۔‘‘
اپنے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ ’’21ویں صدی ڈیٹا کی صدی ہے، پوری دنیا میں ڈیٹا کی بات ہوتی ہے۔ بڑی بڑی کمپنیاں ڈیٹا کی بنیاد پر چل رہی ہیں۔ لیکن ہندوستان میں گِگ ورکرز کا ڈیٹا خود گِگ ورکرز کو ہی دستیاب نہیں تھا۔ اب ’تلنگانہ گِگ ورکرز سوشل سیکورٹی اینڈ ویلفیئر اسکیم‘ کے تحت آپ کو اپنے ڈیٹا پر حق حاصل ہوگا۔ آپ اپنے کام سے متعلق تمام ڈیٹا دیکھ پائیں گے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’تلنگانہ کے شہروں میں شدید گرمی کے دوران گِگ ورکرز دن بھر اسکوٹر پر گھومتے ہیں اور ڈیلیوری کرتے ہیں، لیکن ان کے آرام کرنے کے لیے کہیں کوئی جگہ موجود نہیں ہے۔ اسی لیے تلنگانہ حکومت گِگ ورکرز کے لیے ہر شہر میں وائی فائی کی سہولت سے لیس آرام گاہیں (ریسٹ زون) قائم کرے گی۔‘‘
کانگریس لیڈر نے گگ ورکرز سے کہا کہ ’’جب کسی گِگ ورکر کے ساتھ حادثہ پیش آتا ہے یا وہ بیمار ہوتے ہیں تو انہیں زبردست نقصان ہوتا ہے۔ اس لیے تلنگانہ حکومت ہر گِگ ورکر کو 5 لاکھ روپے تک کا حادثاتی بیمہ اور 10 لاکھ روپے تک کا صحت بیمہ فراہم کرے گی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا ہک ’’گِگ ورکرز کو بھی پنشن ملنی چاہیے، سماجی تحفظ حاصل ہونا چاہیے اور ان کے لیے بھی بچت کا انتظام ہونا چاہیے۔ اسی لیے اب گِگ ورکرز کی ہر رائیڈ اور ڈیلیوری سے حاصل ہونے والی رقم کا 1 فیصد بچت کے لیے مختص کیا جائے گا۔ یہ رقم گِگ ورکرز کے بورڈ میں جمع ہوگی اور بورڈ کے ذریعے یہ رقم براہ راست آپ کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔‘‘
راہل گاندھی نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’ 21ویں صدی میں 2 طرح کی سوچ پائی جاتی ہے، ایک بی جے پی اور آر ایس ایس کی اور دوسری کانگریس کی۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ گِگ ورکرز کو بندھوا مزدور سمجھتے ہیں۔ وہ آپ سے 24 گھنٹے کام کرواتے ہیں۔ آپ ہر طرح کے خطرات مول لیتے ہیں، لیکن اس کے باوجود پورا فائدہ امبانی اور اڈانی جیسے صنعت کاروں کو ملتا ہے۔ جبکہ کانگریس پارٹی گِگ ورکرز کو ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی مانتی ہے۔ آپ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے اور آپ کا تحفظ کرنا چاہتی ہے۔ یعنی کانگریس پارٹی آپ کو بیمہ فراہم کر رہی ہے اور آپ کی شراکت دار بننے کی کوشش کر رہی ہے۔ دوسری جانب نریندر مودی اور آر ایس ایس آپ کو بندھوا مزدور بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘
حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے گِگ ورکرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’’گِگ ورکر ساتھیو، آپ گھبرائیے مت۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم آپ کو اپنا شراکت دار بنائیں گے۔ ہم آپ کے خاندانوں کی تعلیم اور صحت کی پوری ذمہ داری لیں گے اور آپ کی مدد کریں گے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
