دابھولکر قتل معاملہ: سی بی آئی چارج شیٹ داخل کرنے سے قاصر، 3 ملزمان ضمانت پر رہا

نریندر دابھولکر قتل معاملہ میں پونے کی سیشن عدالت نے 3 ملزمان امول کالے، راجیش بنگیرا اور امت دیگویکر کی درخواست ضمانت قبول کر لی، سی بی آئی اس معاملہ میں 90 دن میں بھی چارج شیٹ داخل کرنے سے قاصر رہی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: نریندر دابھولکر قتل معاملہ میں سی بی آئی کے چارج شیٹ داخل نہ کرنے پانے کی وجہ سے پونے سیشن کورٹ نے ملزمان امول کالے، راجیش بنگیرا اور امت دیگویکر کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔ سی بی آئی 90 دن مکمل ہونے کے باوجود چارج شیٹ داخل کرنے سے قاصر رہی ہے۔

جن ملزمین کو ضمانت ملی ہے ان میں سے دو گوری لنکیش مرڈر کیس میں کرناٹک ایس آئی ٹی کی تحویل میں رہیں گے جبکہ امول کالے بھی گووند پنسارے مرڈر کیس میں ایس ایس آئی ٹی کی حراست میں رہے گا۔

تینوں ملزمین کی ضمانت منظور ہونے کے بعد مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا، ’’ڈاکٹر نریندر دابھولکر کے قتل میں شامل 3 ملزمین کو محض اس بنیاد پر کہ 90 دنوں میں چارج شیٹ نہیں داخل کی گئی اس لئے انہیں ضمانت مل گئی۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے اوران ملزمین کو ضمانت ملے یہ حکومت کی خواہش تھی۔‘‘

سچن ساونت نے مزید کہا کہ امول کالے، راجیش بنگیرا اور انل دگویکر کو محض کرناٹک ایس آئی ٹی کی کوششوں سے ہی گرفتار کیا گیا تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ سی بی آئی جیسا ادارہ ان ملزمین تک نہیں پہنچ سکا تھا۔ سی بی آئی نے یو اے پی اے قانون کے تحت ان تینوں پر معاملہ درج کیا تھا۔ اس قانون کے تحت درج کئے گئے مقدمے میں پولس وتفتیشی ایجنسیوں کو 90 دنوں کے تک چارج شیٹ داخل کئے جانے کی سہولت دی گئی ہے۔

اس ضمن میں تفتیشی ایجنسی کو عدالت میں درخواست داخل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ لیکن اس معاملے میں سی بی آئی نے 90 دنوں کے اندر چارج شیٹ تو داخل کیا ہی نہیں ، عدالت میں اس مدت کے اضافے کے لئے درخواست بھی نہیں داخل کی۔ بلکہ سی بی آئی کے وکیل تقریباً دو دنوں تک عدالت میں حاضر تک نہیں تھے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان ملزمین کو حکومت کی منشاءکے مطابق ضمانت دی گئی ہے۔ سچن ساونت نے کہا کہ کرناٹک حکومت نے اگر باریک بینی سے جانچ نہیں کی ہوتی تو یہ معاملہ کبھی منظرِ عام پر نہیں آیا ہوتا۔

واضح رہے کہ نریندر دابھولکر مہاراشٹر اندھشردھا نرمولن سمیتی (ایم اے این ایس) کے بانی تھے اور 20 اگست 2013 کو پونے میں ان کا قتل کر دیا گیا ےتھا۔ وہیں گوری لنکیش کو 5 ستمبر 2017 کو کرناٹک کے بنگلورو شہر میں ان کے گھر کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔