نندی گرام امیدوار کی گرفتاری پر راہل گاندھی کا شدید ردعمل، کہا- ’بی جے پی انتخابی مقابلہ ہی ختم کرنا چاہتی ہے‘

مغربی بنگال کی نندی گرام سیٹ پر ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار ملن پردھان کی پرانے معاملہ میں گرفتاری پر کانگریس نے بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ راہل گاندھی نے اسے جمہوریت کا قتل قرار دیا

<div class="paragraphs"><p>قائد حزب اختلاف راہل گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>
i

کولکاتا: مغربی بنگال کی نندی گرام اسمبلی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب سے قبل کانگریس امیدوار ملن پردھان کی ایک پرانے قتل کے معاملے میں گرفتاری کے بعد سیاسی تنازعہ پیدا ہو گیا ہے۔ کانگریس نے اس گرفتاری کو لے کر بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی الیکشن لڑنا نہیں چاہتی اور مقابلہ ہی ختم کر دینا چاہتی ہے۔

راہل گاندھی نے جمعہ کو ایکس پر کہا کہ نندی گرام ضمنی انتخاب کے لیے کانگریس امیدوار ملن پردھان کی گرفتاری کوئی اتفاق نہیں بلکہ سیاسی انتقام ہے۔ انہوں نے اسے جمہوریت کا قتل قرار دیا۔ راہل گاندھی نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی منصفانہ انتخابی مقابلے میں یقین نہیں رکھتی۔ ان کے مطابق، اقتدار بچانے کے لیے کبھی ووٹ چوری، کبھی حکومت چوری اور کبھی پارٹی چوری کا راستہ اختیار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی انتخابات لڑنا نہیں چاہتی، بلکہ انتخابی مقابلہ ہی ختم کرنا چاہتی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات جمہوری انتخابی عمل پر سوال کھڑے کرتے ہیں۔ کانگریس رہنما نے پارٹی کے کارکنوں اور حامیوں کے لیے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نہ ڈرے گی اور نہ جھکے گی۔ انہوں نے کہا، ’ہم لڑیں گے بھی، جیتیں گے بھی‘‘

راہل گاندھی کا یہ ردعمل ایسے وقت سامنے آیا ہے جب نندی گرام ضمنی انتخاب سے قبل کانگریس امیدوار کی گرفتاری نے ریاست میں سیاسی بحث کو تیز کر دیا ہے۔ ملن پردھان کو پولیس نے ایک پرانے قتل کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان کے خلاف پہلے سے وارنٹ جاری تھا اور اسی کی بنیاد پر گرفتاری کی گئی۔


قبل ازیں، کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے یہ ’اپوزیشن مکت بھارت‘ بنانے کی تازہ کوشش ہے اور اس کے ذریعے ملک کی آئینی جمہوریت کو ’بنانا ریپبلک‘ میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2007 کے ایک 19 سال پرانے معاملے کو دوبارہ سامنے لاتے ہوئے پارٹی کے امیدوار کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے مطابق یہ گرفتاری اس وقت ہوئی جب مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے نندی گرام میں کانگریس امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا۔

وینوگوپال نے کہا کہ امیدوار کی گرفتاری اس بات کی علامت ہے کہ بی جے پی جمہوری عمل کو اپنے حق میں موڑنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایسی کارروائیوں سے خوف زدہ ہونے والی نہیں ہے اور اقتدار کے غلط استعمال کے خلاف کھڑی رہے گی۔

انہوں نے کانگریس کی تحریک آزادی کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی نے برطانوی حکمرانی کے خلاف جدوجہد کی اور اسے ملک سے باہر کرنے میں کردار ادا کیا۔ وینوگوپال نے کہا کہ ’دباؤ ڈالنے کی یہ معمولی کوششیں‘ کانگریس کو خوف زدہ نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس اقتدار کے غلط استعمال کے خلاف مضبوطی سے کھڑی رہے گی اور بی جے پی کی شکست کو یقینی بنائے گی۔

دوسری جانب، مشرقی مدنی پور ضلع میں بی جے پی کی قیادت نے کانگریس کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ بی جے پی نے کہا ہے کہ ملن پردھان کی گرفتاری سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔


پولیس کے ایک ضلعی افسر کے مطابق ملن پردھان ایک پرانے قتل کے مقدمے میں ملزم ہیں اور ان کے خلاف پہلے ہی وارنٹ جاری تھا۔ پولیس نے اسی وارنٹ کی بنیاد پر جمعہ کو انہیں گرفتار کیا۔ ملن پردھان کی گرفتاری ایسے وقت ہوئی جب نندی گرام ضمنی انتخاب میں ترنمول کانگریس کے ممتا بنرجی دھڑے کی امیدوار سنچیتا ڈے پردھان نے اپنی نامزدگی واپس لے لی تھی۔ اس کے بعد ممتا بنرجی نے نندی گرام میں کانگریس امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا۔

نندی گرام کے علاوہ مرشدآباد ضلع کی ریجی نگر اسمبلی نشست پر بھی ضمنی انتخاب ہونا ہے۔ دونوں نشستوں پر 6 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی، جبکہ فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق نتائج 9 نومبر کو جاری کیے جائیں گے۔