’میری زندگی ایک کھلی کتاب کی طرح رہی ہے‘، ٹرسٹ سے استعفیٰ منظور ہونے کے اگلے روز چمپت رائے کا پہلا ردعمل

چمپت رائے ’ایکس‘ پر شیئر کیے گئے اپنے خط میں لکھتے ہیں کہ ’’6 جولائی کو ہوئی مندر ٹرسٹ کی میٹنگ میں ایس آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی، جو اب پبلک ہو چکی ہے، جبکہ یہ پہلے انتہائی خفیہ تھی۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>چمپت رائے، تصویر بشکریہ&nbsp;@ChampatRaiVHP</p></div>
i

ایودھیا رام مندر عطیات چورے معاملے میں ’شری رام جنم بھومی تیرتھ کشیتر ٹرسٹ‘ کے جنرل سکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد چمپت رائے نے پہلی بار ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ چمپت رائے نے شری رام چرت مانس کی چوپائی ’دھیرج دھرم متر ارو ناری، آپد کال پرکھی اہی چاری‘ کے کیپشن کے ساتھ اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک خط شیئر کیا ہے۔

چمپت رائے نے خط میں لکھا کہ ’’گزشتہ 7 جون 2026 سے شری رام جنم بھومی مندر کے احاطے کے ’دان پاتر‘ (عطیات کے بکسوں) کی گنتی کے وقت ہوئی مبینہ چوری کو لے کر طرح طرح کی بحثیں چل رہی ہیں۔ ذاتی طور پر مجھ پر بھی کئی بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں۔ میں نے خاموشی  اختیار کر لی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’’6 جولائی کو ہوئی مندر ٹرسٹ کی میٹنگ میں ایس آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی، جو اب پبلک ہو چکی ہے، جبکہ یہ پہلے انتہائی خفیہ تھی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ ایس آئی ٹی کی حتمی رپورٹ آنے کے بعد پھیلائے جا رہے تمام نکات پر مرحلہ وار اپنا جواب دوں گا اور پورا سچ سامنے آ جائے گا۔‘‘


چمپت رائے نے اپنے طویل عوامی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے تنظیم نے 1991 میں ایودھیا بھیجا تھا۔ میں گزشتہ 45 برسوں سے پرچارک ہوں۔ جہاں جہاں بھی رہا ہوں، میری زندگی ایک کھلی کتاب کی طرح رہی ہے۔ سبھی کو احترام کے ساتھ نمن۔‘‘ واضح رہے کہ چمپت رائے کا یہ بیان ’شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ‘ کی جانب سے عطیات چوری تنازعہ کے درمیان ان کا استعفیٰ قبول کیے جانے کے ایک روز بعد آیا ہے۔

ٹرسٹ نے چمپت رائے کے ساتھ ساتھ انل مشرا کا استعفیٰ بھی قبول کر لیا تھا۔ وہ رام مندر ٹرسٹ میں ٹرسٹی تھے، جبکہ چمپت رائے جنرل سکریٹری کے عہدے پر فائز تھے۔ چمپت رائے کی جگہ کرشن موہن کو رام مندر ٹرسٹ کا عبوری جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ نئے جنرل سکریٹری کا انتخاب ہونے تک وہ اس عہدے پر برقرار رہیں گے۔ ساتھ ہی ٹرسٹ نے ایودھیا میں رام مندر کے روزمرہ کے کام کاج کی نگرانی کے لیے ایک چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی ای او کے انتخاب کے لیے ٹرسٹ نے ایک 3 رکنی سرچ کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں ریٹائرڈ جسٹس پردیپ کوہلی، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل وشنو کانت چترویدی اور شرڈی کے شری سائی بابا مندر ٹرسٹ کے سابق صدر سریش ہاوڑے شامل ہیں۔