مظفرپور: میٹرک ایگزام کے دوران بچے کی پیدایش، نام ’امتحان‘ رکھا گیا

شانتی کے شوہر نے کہا کہ ’بھگوان‘ نے امتحان کے دوران انہیں اولاد سے نوازا، اسی وجہ سے اس کا نام ’امتحان' رکھا گیا ہے۔ شانتی اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملازمت کرنے کی خواہشمند ہے۔

علامتی تصویر / آئی اے این ایس
علامتی تصویر / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مظفر پور: بہار کے ضلع مظفر پور کے ایم ڈی ڈی ایم کالج امتحان سنٹر میں جمعہ کے روز میٹرک کا امتحان دینے کے لیے آنے والی ایک خاتون اچانک زچگی کے درد سے کراہنے لگی۔ اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس نے شام کے وقت ایک بچے کو جنم دیا۔ امتحان کے دوران پیدا ہونے بچے کا نام والدین نے ‘امتحان‘ ہی رکھ دیا ہے۔

ایم ڈی ڈی ایم کالج پر قائم امتحان مرکز کی انچارج ڈاکٹر میرا مدھومیتا نے بتایا کہ اس کالج میں جمعہ کے روز دوسری شفٹ میں میٹرک کے امتحان میں شامل شانتی دیوی نے ایک گھنٹے تک امتحان کا پرچہ حل کرنے کے بعد اچانک زچگی کے درد سے بے حال ہو گئی۔


ڈیوٹی پر مامور ٹیچر نے اس کی اطلاع فوری طور پر امتحان مرکز کی انچارج کو دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد شانتی کو الگ کمرے میں لٹا دیا گیا اور اس کی اطلاع ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو دی گئی۔ ان کی ہدایت کے بعد شانتی کو ایمبولینس کے ذریعہ صدر اسپتال بھیج دیا گیا، جہاں اس نے شام کو بیٹے کو جنم دیا۔

شانتی اپنے بیٹے کی پیدائش پر خوش ہے۔ شانتی کے شوہر برجو ساہنی کا کہنا ہے کہ وہ زچگی کے درد سے قبل معروضی سوالات حل کر چکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ زچہ اور بچہ دونوں صحت مند ہیں۔ شانتی کے شوہر نے کہا کہ ’بھگوان‘ نے امتحان کے دوران انہیں اولاد سے نوازا، اسی وجہ سے اس کا نام ’امتحان' رکھا گیا ہے۔ شانتی اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملازمت کرنے کی خواہشمند ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔