کینیڈا میں گجرات کی طالبہ کا قتل: لواحقین کو 12 دن بعد ملی اطلاع، حکومت سے کیا انصاف کا مطالبہ
دوستوں اور رشتہ داروں نے ودھی کو محنتی طالبہ بتایا جو تعلیم اور بیرون ملک کام کرکے اپنے مستقبل کی تیاری کر رہی تھی۔ کینیڈا میں مقیم ہندوستانی برادری اور گجرات کے لوگ اس واقعہ سے شدید غمزدہ ہیں۔

کینیڈا کے نیاگرا علاقے سے ایک افسوسناک واردات سامنے آئی ہے جہاں گجرات کے احمد آباد سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ کو مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا۔ یہ علاقہ امریکی سرحد کے قریب ہے۔ متوفی طالبہ کی شناخت ودھی کلپیش بھائی میدھا (22) کے طور پر ہوئی ہے جو آنند ضلع کے بورسد قصبے کی رہنے والی ہے۔ وہ گزشتہ 4 سال سے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے کینیڈا میں مقیم تھی۔ پڑھائی کے ساتھ ساتھ وہ پارٹ ٹائم کام بھی کرتی تھی اور وہاں مستقل رہائش حاصل کرنے کی تیاری کر رہی تھی۔
خاندان کے مطابق ودھی نے اپنے والد سے آخری بار 14 مئی کو بات کی تھی۔ وہ 15 مئی کو اپنے گھر سے نکلی تھی جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہوگئی تھی۔ اس کی لاش بعد میں نیاگرا کے علاقے سے ملی۔ کینیڈا کے حکام نے بعد میں تصدیق کی کہ اسے چاقو مار کر قتل کیا گیا ہے۔ اہل خانہ کو یہ اطلاع بدھ کو واقعہ کے تقریباً 12 دن بعد ملی۔
اطلاع ملنے میں تاخیر نے خاندان کے غم کو مزید بڑھا دیا ہے۔ رشتہ داروں نے بتایا کہ انہیں یہ اطلاع نئی دہلی کے افسران کے ذریعے ملی۔ کینیڈا کی پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ودھی کے ایک چچا کینیڈا میں رہتے ہیں لیکن وہ پچھلے ڈیڑھ سال سے الگ رہ رہی تھی۔ ان کا چھوٹا بھائی رودرا اپنے خاندان کے ساتھ بورسد میں رہتا ہے۔
واقعہ کی خبر سن کر بورسد میں لوگ سوگ میں ڈوب گئے ہیں۔ رشتہ دار اور پڑوسی لواحقین کو تسلی کے لیے ان کے گھر پہنچے۔ ماں ویشالی بین میگھا صدمے میں ہیں اور بول نہیں پا رہی ہیں۔ جبکہ خاندان کے دیگر افراد کو بار بار روتے ہوئے دیکھا گیا۔ متوفیہ کی خالہ اسنہل میگھا مسلسل رو رہی ہیں۔ اہل خانہ نے بتایا کہ وہ 14 مئی سے اپنی بیٹی کا چہرہ نہیں دیکھ پا ئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ لاش کو جلد از جلد ہندوستان لایا جائے اور ملزمین کو گرفتار کیا جائے، تاکہ کسی اور خاندان کو اس قسم کا درد نہ سہنا پڑے۔ دوستوں اور رشتہ داروں نے ودھی کو ایک محنتی طالبہ بتایا۔ جو اپنی تعلیم اور بیرون ملک کام دونوں کو سنبھال کر اپنے مستقبل کی تیاری کر رہی تھی۔ کینیڈا میں مقیم ہندوستانی برادری اور گجرات کے لوگ اس واقعہ سے شدید غمزدہ ہیں۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
