موربی پل حادثہ: اوریوا گروپ کو ہلاک شدگان کے کنبوں کو 10-10 لاکھ روپے معاوضہ دینا ہوگا، گجرات ہائی کورٹ کا حکم

منگل کے روز سماعت کے دوران اوریوا گروپ نے متاثرہ کنبوں کو 3-3 لاکھ روپے معاوضہ دینے کی پیشکش کی تھی، عدالت نے اس رقم سے عدم اطمینان ظاہر کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ بدھ کے روز حکم جاری کرے گی۔

<div class="paragraphs"><p>گجرات ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

گجرات ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

گجرات ہائی کورٹ نے بدھ کے روز گجرات کے موربی پل حادثہ معاملہ میں ایک اہم فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اوریوا گروپ کو حکم دیا کہ سبھی ہلاک شدگان کے کنبوں کو 10-10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 2-2 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرے۔ ساتھ ہی عدالت نے کمپنی کو چار ہفتوں کے اندر 5 کروڑ روپے جمع کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 30 اکتوبر کی شام کو موربی شہر میں مچھو ندی پر جھولا پل گرنے سے 35 بچوں سمیت 135 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ پل کی مرمت اور رکھ رکھاؤ کا ٹھیکہ اوریوا گروپ کو دیا گیا، جس نے بغیر فٹ نس سرٹیفکیٹ لیے اور بغیر موربی نگر پالیکا کی منظوری کے پل کو ویزیٹرس کے لیے کھول دیا۔


چیف جسٹس سونیا گوکانی اور جسٹس سندیپ بھٹ کی فرسٹ ڈویژنل بنچ نے سبھی ہلاک شدگان کے کنبوں کو 10-10 لاکھ روپے کی ادائیگی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اس طرح کی آفات میں معاوضہ کے لیے سپریم کورٹ کے تبصرہ کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا تھا کہ ’’آفات میں ایک نجی پارٹی کو معاوضے کا 55 فیصد اپنی جیب سے دینا ہوگا، اور بقیہ 45 فیصد ریاستی فنڈ کے ذریعہ ادا کی جانی چاہیے۔‘‘

گجرات ہائی کورٹ نے بدھ کو اوریوا گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر جئے سکھ پٹیل کو 30 اکتوبر کو موربی پل حادثہ میں ہلاک 135 لوگوں کے ہر کنبہ کو 10-10 لاکھ روپے معاوضہ کی رقم دینے کا حکم دیا۔ پل منہدم ہونے کے معاملے میں عدالت نے از خود کارروائی شروع کی تھی جس میں 35 بچوں سمیت 135 لوگ مارے گئے تھے۔


منگل کے روز ہوئی سماعت کے دوران اوریوا گروپ نے متاثرہ کنبوں کو 3-3 لاکھ روپے معاوضہ دینے کی پیشکش کی تھی۔ عدالت اس رقم سے مطمئن نہیں تھی اور کہا تھا کہ وہ بدھ کو ہدایات جاری کرے گی۔ گزشتہ سماعت میں عدالت نے واضح کیا تھا کہ اوریوا گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر کو مجرمانہ مقدمہ کا سامنا کرنا پڑے گا، بھلے ہی انھوں نے کنبوں کو معاوضہ دیا ہو۔

عدالت نے بدھ کے روز انشورنس کمپنی کو حادثہ میں زخمی ہوئے لوگوں کو معاوضے کے طور پر 2-2 لاکھ روپے دینے کا حکم دیا۔ حالانکہ متاثرین کے کنبہ کو ’اپہار سنیما حادثہ‘ کی طرح زیادہ معاوضہ ملنے کی امید کر رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔