ماہِ صفر المظفر 1448ھ کا چاند نظر آنے کی تصدیق، کل 16 جولائی کو ہوگی یکم صفر
امارتِ شرعیہ ہند اور مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نے ماہِ صفر المظفر 1448ھ کے چاند کی رؤیت کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 16 جولائی 2026ء بروز جمعرات یکم صفر ہوگی

نئی دہلی: ملک کے مختلف حصوں میں ماہِ صفر المظفر 1448ھ کے چاند کی رویت کی مصدقہ اطلاعات موصول ہونے کے بعد متعدد دینی اداروں نے یکم صفر کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ امارتِ شرعیہ ہند اور مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نے اپنے الگ الگ پریس بیانات میں اعلان کیا ہے کہ 16 جولائی 2026ء بروز جمعرات ماہِ صفر المظفر 1448ھ کی پہلی تاریخ ہوگی۔
امارتِ شرعیہ ہند کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بعد نماز مغرب رویتِ ہلال کمیٹی کی میٹنگ نئی دہلی میں امارتِ شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر، بہادر شاہ ظفر مارگ میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت نائب امیرِ شریعت صوبہ دہلی اور شیخ الحدیث مدرسہ امینیہ کشمیری گیٹ مولانا مفتی محمد ذکاوت حسین قاسمی نے کی۔ اجلاس کے دوران چاند دیکھنے کا خصوصی اہتمام کیا گیا، تاہم دہلی میں مطلع ابر آلود ہونے کے باعث چاند نظر نہیں آسکا۔
پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ کرناٹک کے ضلع ہاسن اور بنگلورو کے علاوہ تمل ناڈو کے میل وشارم سے رویتِ عامہ کی مستند اطلاعات موصول ہوئیں، جن کی بنیاد پر رویتِ ہلال کمیٹی نے شرعی اعتبار سے 29 محرم الحرام کو ماہِ صفر کے چاند کی رویت ثابت قرار دی۔ اس کے بعد کمیٹی نے اعلان کیا کہ 16 جولائی 2026ء بروز جمعرات یکم صفر المظفر 1448ھ ہوگی۔
دوسری جانب مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مرکزی اہل حدیث رویتِ ہلال کمیٹی دہلی نے بھی اپنے اخباری بیان میں ماہِ صفر کے چاند کی رویت کی تصدیق کی ہے۔ بیان کے مطابق بعد نماز مغرب اہل حدیث منزل، اردو بازار، جامع مسجد، دہلی میں مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حسبِ سابق ملک کے مختلف صوبوں کے ذمہ داران اور ملی تنظیموں سے بذریعہ فون رابطہ کیا گیا۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کے بعض صوبوں سے رویتِ ہلال کی مصدقہ اور مستند اطلاعات موصول ہوئیں، جن کے جائزے کے بعد کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ 16 جولائی 2026ء بروز جمعرات ماہِ صفر 1448ھ کی پہلی تاریخ ہوگی۔
دونوں دینی اداروں کے اعلانات کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں جمعرات، 16 جولائی کو ماہِ صفر المظفر 1448ھ کا آغاز ہوگا۔ رؤیتِ ہلال کے سلسلے میں موصول ہونے والی اطلاعات اور شرعی اصولوں کی روشنی میں کیے گئے ان اعلانات سے مسلمانوں کے لیے نئے اسلامی مہینے کے آغاز کی باضابطہ تصدیق ہو گئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
