این سی آر میں مانسون کی رفتار سست، جولائی کے پہلے ہفتے میں دہلی پہنچنے کا امکان
ماہرین موسمیات کے مطابق مانسون کی رفتار فی الحال معمول سے کچھ سست ہے، جس کی وجہ سے دہلی-این سی آر میں اس کی آمد میں تھوڑی تاخیر ہو رہی ہے۔

قومی راجدھانی علاقہ (این سی آر) کے لوگوں کو فی الحال شدید گرمی سے کچھ راحت ملنے والی ہے، لیکن مانسون کا انتظار ابھی کچھ اور دن بڑھ سکتا ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی تازہ ترین پیش گوئی کے مطابق پہلے جہاں 27 جون تک دہلی میں مانسون کے داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، وہیں اب اس کے جولائی کے پہلے ہفتے میں دہلی-این سی آر پہنچنے کی امید ہے۔ حالانکہ اس دوران پری-مانسون سرگرمیاں مسلسل جاری رہیں گی، جس سے ہلکی بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں کمی محسوس ہوگی۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اگلے کئی دنوں تک آسمان پر بادلوں کا آنا جانا لگا رہے گا اور وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس سے لوگوں کو لو اور حبس سے راحت ملے گی۔ محکمہ موسمیات نے فی الحال کسی بھی دن کے لیے موسم سے متعلق کوئی وارننگ جاری نہیں کی ہے۔ 26 جون کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ دن بھر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 27 جون کو بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری اور کم سے کم 26 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس دن بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا اندازہ لگایا ہے۔
28 جون کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری اور کم سے کم 27 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ دن کے وقت تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے گرمی سے کچھ راحت ملے گی۔ 29 جون کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کم ہو کر 38 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 27 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ 30 جون کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری اور کم سے کم 26 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ اس دن بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کے اشارے ہیں۔
یکم جولائی کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 28 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ اس دن بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جسے مانسون کے دہلی-این سی آر کے مزید قریب آنے کا اشارہ مانا جا رہا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق مانسون کی رفتار فی الحال معمول سے کچھ سست ہے، جس کی وجہ سے دہلی-این سی آر میں اس کی آمد میں تھوڑی تاخیر ہو رہی ہے۔ حالانکہ پری-مانسون سرگرمیوں کے باعث اگلے چند دنوں تک ہلکی بوندا باندی، بادلوں کی آمد و رفت اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس سے شدید گرمی سے راحت ملے گی اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں آہستہ آہستہ کمی ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
