مانسون نے پکڑی رفتار، دہلی-این سی آر میں موسلادھار بارش، دیگر ریاستوں میں بھی موسم ہوا خوشگوار

بہار میں 9 سے 11 جولائی، اور پھر 12 سے 14 جولائی تک کئی علاقوں میں بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ مغربی بنگال اور سکم میں 9 سے 14 جولائی تک شدید بارش کا دور جاری رہ سکتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں بارش کا منظر، تصویر قومی آواز/ویپن</p></div>
i

ملک بھر میں مانسون نے زور پکڑ لیا ہے اور اس کے اثرات شمالی، وسطی اور مشرقی ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ دہلی-این سی آر میں جمعرات کی صبح سے ہی بارش ہو رہی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ لیکن اس بارش نے معمولات زندگی کو درہم برہم بھی کر دیا ہے۔ جگہ جگہ آبی جماؤ کی وجہ سے ٹریفک جام کا منظر دیکھنے کو مل رہا ہے اور دفتر جانے والوں کو مختلف مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس درمیان محکمۂ موسمیات نے 9 جولائی کے لیے دہلی میں یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق 11 جولائی تک دہلی میں بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ 9 جولائی کو زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 30 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجۂ حرارت 23 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دیگر ریاستوں کی بات کریں تو محکمۂ موسمیات کے مطابق 9 سے 14 جولائی کے دوران ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں شدید بارش کا امکان ہے۔ 9 سے 12 جولائی تک جموں و کشمیر میں بھی کئی مقامات پر تیز بارش ہوگی۔ پنجاب میں 9 جولائی، ہریانہ، مغربی اتر پردیش اور چنڈی گڑھ میں 9 اور 10 جولائی کے دوران اچھی بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ مشرقی اتر پردیش میں 9 سے 13 جولائی تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ مغربی اتر پردیش میں 9 جولائی کو 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔ اتراکھنڈ میں 10 جولائی کو بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ جموں و کشمیر میں 9 سے 12 جولائی کے دوران 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ مغربی راجستھان میں 9 جولائی اور مشرقی راجستھان میں 9 سے 12 جولائی کے دوران آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کا خطرہ برقرار رہے گا۔


مغربی مدھیہ پردیش میں 9 اور 10 جولائی جبکہ مشرقی مدھیہ پردیش میں 9 سے 11 جولائی کے دوران شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 9 جولائی کو مغربی مدھیہ پردیش اور 9 و 10 جولائی کو مشرقی مدھیہ پردیش کے بعض علاقوں میں انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے۔ ودربھ میں 9 جولائی اور پھر 13 و 14 جولائی کو جبکہ چھتیس گڑھ میں 9 جولائی اور 13 و 14 جولائی کو اچھی بارش کے امکانات ہیں۔ ان ریاستوں میں بھی کئی مقامات پر شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

دوسری طرف بہار میں 9 سے 11 جولائی اور پھر 12 سے 14 جولائی تک کئی علاقوں میں بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ جھارکھنڈ میں 9 اور 10 جولائی نیز 12 سے 14 جولائی کے دوران بارش ہوگی۔ مغربی بنگال اور سکم میں 9 سے 14 جولائی تک شدید بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ 9 جولائی کو یہاں بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش کا بھی امکان ہے۔ اڈیشہ میں 9 سے 14 جولائی تک وقفہ وقفہ سے بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جھارکھنڈ، بہار، مغربی بنگال اور انڈمان و نکوبار جزائر میں کئی مقامات پر گرج اور چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔


محکمۂ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی مانسون کی شمالی حد فی الحال باڑمیر، جودھپور، چورو اور بھٹنڈہ سے گزرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے عوام کو شدید بارش، آبی جماؤ، آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے دوران محتاط رہنے اور ضرورت پڑنے پر ہی گھروں سے باہر نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔