مودی یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل طلباء کے مستقبل کے لیے ضروری اقدامات کریں: اسٹالن

ایم کے اسٹالن نے اس معاملے میں وزیر اعظم سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کے لیے ریاستی حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اسٹالن، تصویر آئی اے این ایس
اسٹالن، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

چنئی: تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل طلباء کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ ایم کے اسٹالن کی طرف سے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط کی کاپیاں آج یہاں میڈیا کو جاری کی گئیں۔ انہوں نے اس معاملے میں وزیر اعظم سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کے لیے ریاستی حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

وزیر اعلیٰ اسٹالن نے پی ایم مودی کی توجہ یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل طلباء کی حالت کے بارے میں لوک سبھا میں دیئے گئے حالیہ جواب کے بارے میں طلباء کی تشویش کی طرف مبذول کرائی اور ان سے ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی درخواست کی۔


واضح رہے کہ لوک سبھا میں اس سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صحت وخاندانی فلاح و بہبود کے وزیر مملکت نے کہا کہ نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) نے کسی بھی غیر ملکی میڈیکل طالب علم کی انڈین میڈیکل انسٹی ٹیوٹ یا یونیورسٹی میں منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

خط میں انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے اپنی پڑھائی جاری رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے طلبہ میں مایوسی کا احساس ہے۔ انہوں نے پی ایم مودی سے ملک کے میڈیکل کالجوں میں ان طلباء کی تعلیم کے لیے این ایم سی اور متعلقہ مرکزی وزارتوں کے ایکٹ میں ضروری ترامیم کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔


ایم کے اسٹالن نے کہا کہ تمل ناڈو کے تقریباً 2000 میڈیکل طلباء یوکرین میں لڑائی کے بعد واپس آئے ہیں۔ جو کہ دیگر ریاستوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر طلباء کے لیے وہاں سے فوری طور پر واپس لوٹنا عملی طور پر ممکن نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔