بے روزگاری دور کرنے کا بھی ’آسن‘ بتائیں مودی: اکھیلیش

سماجوادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو نے وزیراعظم نریندرمودی کے سوریہ نمسکار والے بیان پر طنز کرتے ہوئے آج کہا کہ ایک بے روزگار نوجوان کے باپ کے لئے بھی وہ کوئی آسن بتا دیتے تو اچھا ہوتا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بارہ بنکی: سماجوادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیراعلی اکھیلیش یادو نے وزیراعظم نریندرمودی کے سوریہ نمسکار والے بیان پر طنز کرتے ہوئے آج کہا کہ ایک بے روزگار نوجوان کے باپ کے لئے بھی وہ کوئی آسن بتا دیتے تو اچھا ہوتا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی تاریخی ہار ہوگی۔ انہوں نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ دہلی کے عوام نے بی جے پی کی نفرت بھری سیاست کو مسترد کر دیا۔ کئی ریاستوں میں منہ کی کھا چکی بھارتیہ جنتا پارٹی دہلی کے الیکشن میں کھاتا بھی نہیں کھول پائے گی اور عام آدمی پارٹی کے اروند کیجریوال کی ایک بار پھر دہلی کے وزیراعلی کے طورپر تاج پوشی ہوگی۔


سابق وزیراعلی نے کہا کہ بی جے پی کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ کئی ریاستوں میں بی جے پی چاروں خانے چت ہوچکی ہے اور اب دہلی کی باری ہے جہاں ان کی کراری ہار ہوگی۔ اروند کیجریوال ایک بار پھر سے وزیراعلی بنیں گے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ حکومت صرف نام بدلنے میں ماہر ہے۔

سماجوادی پارٹی کے لیڈر اور کارکن عوام کو بی جے پی کی اصلیت سمجھائیں گے۔عوام کو اچھی ایمبولینس اچھے اسپتال، اچھے اسکول چاہیے، اچھی سہولیات چاہیے، کسانوں کو ان کی پیداوار کی مناسب قیمت ملنی چاہیے جبکہ حکومت عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔