مودی نے آکسیجن کی پیداوار اور دستیابی کی صورتحال کا جائزہ لیا

کورونا وبائی امراض کی تیسری لہر کے خوف کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے پورے ملک میں لگائے جانے والے آکسیجن پلانٹس کے کام کا جائزہ لیا اور انہیں جلد سے جلد چالو کرنے کی ہدایت دی

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

یو این آئی

نئی دہلی: کورونا وبائی امراض کی تیسری لہر کے خوف کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے پورے ملک میں لگائے جانے والے آکسیجن پلانٹس کے کام کا جائزہ لیا اور انہیں جلد سے جلد چالو کرنے کی ہدایت دی۔ جمعہ کو ایک ورچوئل اجلاس میں وزیر اعظم مودی نے پورے ملک میں آکسیجن کی پیداوار اور دستیابی کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں عہدیداروں نے آکسیجن پلانٹ کی تنصیب کے کام کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اس اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت 1500 سے زیادہ آکسیجن پلانٹس لگائے جارہے ہیں جنہیں وزیر اعظم کیئرز فنڈ ، وزارتوں اور پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگس سے ملنے والے فنڈز سے قائم کئے جارہے ہیں۔ یہ پلانٹس تمام ریاستوں اور اضلاع میں لگائے جارہے ہیں اور ان کے چالو ہونے کے بعد پورے ملک میں چار لاکھ سے زیادہ آکسیجن بیڈوں کو آکسیجن مہیا کرائی جا سکے گی۔

وزیر اعظم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کریں اور جلد ہی ان پلانٹس کو چالو کریں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ وہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ مستقل رابطے میں ہیں تاکہ آکسیجن پلانٹس کا کام جلد سے جلد مکمل کیا جا سکے۔

وزیر اعظم مودی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسپتال کے عملے کو آکسیجن پلانٹس کوچلانے اور دیکھ بھال کے بارے میں مناسب تربیت دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ضلع میں تربیت یافتہ عملہ دستیاب ہونا ضروری ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ماہرین نے ایک ٹریننگ ماڈیول تیار کیا ہے جس کے تحت پورے ملک میں تقریبا 8000 افراد کو تربیت دی جاسکتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آکسیجن پلانٹوں کے کام کی نگرانی کے لئے قومی اور مقامی سطح پر جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جانا چاہئے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس کے لئے پائلٹ پروجیکٹ چلایا جارہا ہے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری ، کابینہ سکریٹری ، صحت سکریٹری اور متعدد دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔