حافظ سعید، مسعود اظہر، لکھوی اور داؤد ابراہیم ’یو اے پی اے‘ کے تحت دہشت گرد قرار

مودی حکومت نے پاکستان میں رہ رہے دہشت گردوں کے سرغنہ حافظ محمد سعید، مولانا مسعود اظہر، ذکی الرحمان لکھوی اور داؤد ابراہیم کاسکر کو یو اے پی اے کے تحت دہشت گرد قرار دیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مودی حکومت نے پاکستان میں رہ رہے دہشت گردوں کے سرغنہ حافظ محمد سعید، مولانا مسعود اظہر، ذکی الرحمان لکھوی اور داؤد ابراہیم کاسکر کو غیر قانونی سرگرمیوں (انسداد) قانون (یو اے پی اے) کے تحت دہشت گرد قرار دیا گیا۔

وزارت داخلہ نے بدھ کے روز ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے ان چاروں کو ذاتی طور پر دہشت گرد قرار دیا ہے۔ اس قانون کے بننے کے بعد کسی دہشت گرد گروپ سے جڑے لوگوں کو ذاتی طور سے پہلی مرتبہ دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔


ان سب پر ہندوستان کے خلاف دہشت گرد حملوں میں ملوث ہونے اور ان کی سازش رچنے کا الزام ہے۔ مختلف جانچ ایجنسیاں ان چاروں دہشت گردوں کے خلاف پہلے ہی ریڈ کارنر نوٹس جاری کر چکی ہیں۔

حکومت نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث لوگوں کو بھی دہشت گرد قرار دینے کے لئے حال ہی میں پارلیمنٹ میں بل پاس کر کے یو اے پی اے قانون میں ترمیم کو منظوری دی تھی۔ اس قانون کے مطابق کسی شخص کو دہشت گرد قرار دئے جانے کے بعد اس کی املاک کو بھی ضبط کیا جا سکتا ہے۔


یو اے پی اے بل پر بحث کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا تھا کہ دہشت گردوں کی ذاتی طور پر شناخت کرنا اہم ہے کیوں کہ ایسے کئی معاملات منظر عام پر آ چکے ہیں کہ جب کسی ایک تنظیم کو کالعدم کیا جاتا ہے تو وہ کسی دوسرے نام سے تنظیم قائم کر لیتے ہیں۔

اس بل کی حزب اختلاف کی طرف سے سخت مخالفت بھی کی گئی تھی۔ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا تھا کہ یہ قانون حکومت کو کسی بھی مخصوص شخص کو دہشت گرد قرار دینے کا اختیار دیتے ہے اور اس کے غلط استعمال کا کامل امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔