او آئی سی کے اجلاس میں مودی حکومت نے قومی مفاد قربان کر دیا: منیش تیواری

منیش تیواری نے کہا کہ قومی جمہوری اتحاد حکومت او آئی سی میں حصہ لینے کو اپنی بڑی کامیابی قرار دے رہی ہے لیکن حقیقت میں اس نے کانفرنس میں قومی مفاد کو قربان کردیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) میں کشمیر کے سلسلے میں منظور ہوئی قرارداد پر کانگریس نے مرکزی حکومت کی سخت مذمت کرتے ہوئے اتوار کو کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی خارجہ پالیسی ناکام ہوگئی ہے اور اس مسئلے پر انہیں جواب دینا چاہیے۔

کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان گزشتہ کئی دہائیوں سے او آئی سی کو نظر انداز کرتا رہا ہے لیکن نریندر مودی کی خارجہ پالیسی نے اسے اور اس کے بیانوں کو مصدقہ بنا دیا ہے۔ بدلے میں ہندوستان کو ایسا ’نام ‘ملا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے اتنی کم ہے۔ تیواری نے کہا کہ قومی جمہوری اتحاد حکومت او آئی سی میں حصہ لینے کو اپنی بڑی کامیابی قرار دے رہی ہے حالانکہ حقیقت میں اس نے کانفرنس میں قومی مفادات کو قربان کردیا ہے۔

اس سے پہلے کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ سفارتی جیت سفارتی ہار میں بدل گئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم نے وزیر خارجہ کو او آئی سی میں ہندوستان کے خلاف اسی طرح کے ناقابل قبول الزام کے لئے بھیجا تھا۔ وزیراعظم کو اس پر ملک کو جواب دینا چاہیے۔

خبروں کے مطابق او آئی سی میں کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزی پر تجویز پاس کی گئی ہے۔ اسے ہندوستان نے خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے۔ تیواری نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ کشمیر میں حالات مسلسل خراب ہو رہے ہیں۔ گزشتہ دو سال سے اننت ناگ پارلیمانی حلقے کا ضمنی انتخاب نہیں کرایا جا سکا ہے۔

دہشت گردی کے خلاف پاکستان میں کی گئی فضائیہ کی کارروائی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت کے بیان اس سلسلے میں شبہ کو ہوا دے رہے ہیں۔ حالانکہ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کبھی بھی اس سلسلے میں حکومت سے ثبوت کا مطالبہ نہیں کیا ہے لیکن صورت حال واضح ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے کہا ہے کہ اگر ملک کے پاس رافیل ہوتا تو صورت حال کچھ اور ہوتی۔ اس کا کیا مطلب ہے۔ حکومت کو امید کے مطابق نتائج حاصل نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے دہرایا کہ مودی حکومت قومی سلامتی کے معاملوں میں ناکام رہی ہے۔ جس کی وجہ سے یکے بعد دیگرے دہشت گردانہ حملے ہوتے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Mar 2019, 5:09 PM