کھٹر نے گورنر کے سامنے حکومت سازی کا دعویٰ کیا پیش، 27 اکتوبر کو 2.15 بجے حلف برداری

منوہر لال کھٹر نے ہریانہ کے گورنر سے ملاقات کر حکومت سازی کا دعویٰ پیش کر دیا ہے اور دشینت چوٹالہ نے بھی جے جے پی اراکین اسمبلی کی حمایت پر مبنی خط گورنر کے سپرد کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے گورنر ستیہ دیو نارائن آرہی سے ملاقات کر ریاست میں اگلی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کر دیا ہے۔ اس دوران جن نایک جنتا پارٹی (جے جے پی) لیڈر دشینت چوٹالہ بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ انھوں نے گورنر کو وہ خط بھی پیش کیا جس میں جے جے پی کارکنان کے ذریعہ بی جے پی کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔

کھٹر نے گورنر سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ انھیں کل سوا ایک بجے گورنر نے بلایا ہے اور دوپہر 2.15 بجے چنڈی گڑھ واقع راج بھون میں وہ وزیر اعلیٰ عہد کا حلف لیں گے۔ اپنے بیان میں کھٹر نے یہ بھی واضح کیا کہ دشینت چوٹالہ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ حالانکہ کچھ میڈیا ذرائع نے پہلے بتایا تھا کہ دو نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے، لیکن دوسرے نائب وزیر اعلیٰ سے متعلق کھٹر نے کچھ بھی نہیں بتایا۔


اس سے قبل چنڈی گڑھ میں بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں عام اتفاق سے منوہر لال کھٹر کو لیڈر منتخب کر لیا گیا۔ میٹنگ صبح تقریباً سوا گیارہ بجے شروع ہوئی۔ اس میٹنگ میں ہریانہ بی جے پی کے صدر سبھاش برالا، پارٹی کے ریاستی انچارج انل جین سمیت سبھی نئے نومنتخب اراکین اسمبلی موجود تھے۔ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد بھی میٹنگ میں شریک ہوئے۔ بعد ازاں منوہر لال کھٹر گورنر ستیہ دیو نارائن آریہ سے ملاقات کرنے کے لیے اپنے خاص لیڈروں اور دشینت چوٹالہ کے ساتھ راج بھون پہنچے۔ وہاں انھوں نے باضابطہ حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا۔


Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Oct 2019, 3:58 PM