مہاراشٹر میں 11 اگست سے دودھ کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر کا ہوگا اضافہ

ایسوسی ایشن کے مطابق ڈیزل کی قیمتیں 10 روپے فی لیٹر بڑھ گئی ہیں، جبکہ پیکیجنگ کے اخراجات میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دودھ کی خریداری کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے، اور اس میں مزید اضافے کی امید ہے۔

دودھ کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس
i

مہاراشٹر میں گائے اور بھینس کے دودھ کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ’ملک پروڈیوسرز اینڈ پروسیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن‘ کے فیصلے کے بعد نئی قیمتیں 11 اگست 2026 سے نافذ ہوں گی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق ڈیزل کی قیمتیں 10 روپے فی لیٹر بڑھ گئی ہیں، جبکہ پیکیجنگ کے اخراجات میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دودھ کی خریداری کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے، اور اس میں مزید اضافے کی امید ہے۔ بڑھتی ہوئی لاگت کو دیکھتے ہوئے ایسوسی ایشن نے دودھ فروخت کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اور ڈیری مصنوعات کی قیمتوں میں 10 فیصد تک اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے بتایا کہ نئی قیمتیں 11 اگست سے نافذ ہوں گی۔

قیمتوں میں اضافے سے ریاست بھر کے صارفین پر اثر پڑے گا، کیونکہ دودھ پیدا کرنے والے اور پروسیسر گائے اور بھینس دونوں طرح کے دودھ کی قیمتیں تبدیل کر رہے ہیں۔ یہ فیصلہ دودھ کی قیمتوں اور ڈیری کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے اقدامات پر جاری بات چیت کے درمیان لیا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ حکومت نے پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ دودھ کے لیے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) نافذ کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ حکومت نے یہ بھی کہا کہ قیمتیں بازار کی صورتحال کی بنیاد پر کوآپریٹو سوسائٹیوں اور نجی ڈیریوں کی جانب سے ہی طے کی جاتی رہیں گی۔ لوک سبھا میں ماہی پروری، مویشی پالن اور ڈیری کے وزیر راجیو رنجن سنگھ (عرف للن سنگھ) نے کہا کہ فی الحال دودھ کی قیمتیں کوآپریٹو سوسائٹیاں اور نجی ڈیریاں طے کرتی ہیں، اور اس پروڈکٹ کے لیے ایم ایس پی مقرر کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔


وزیر نے کہا کہ حکومت ڈیری فارمرز کے مفادات کے تحفظ، دودھ کی قیمتوں کو مستحکم کرنے، صارفین کے مفادات کے تحفظ اور ملک بھر میں معیار کی نگرانی کو مضبوط بنانے کے لیے کئی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ دودھ پیدا کرنے والوں کو منظم شعبے میں لانے کے لیے مارچ 2026 تک گاؤں کی سطح پر 36283 نئی ڈیری کوآپریٹو سوسائٹیاں قائم کی گئی ہیں اور 31150 سوسائٹیوں کو مضبوط کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی روزانہ 168 لاکھ لیٹر دودھ کو ٹھنڈا کرنے کی صلاحیت تیار کی گئی ہے اور 76748 کوالٹی ٹیسٹنگ ڈیوائسز تقسیم کی گئی ہیں۔ روزانہ مجموعی طور پر 418 لاکھ لیٹر دودھ کی پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کی صلاحیت والے منصوبوں کو بھی منظوری دی گئی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔