رکن پارلیمنٹ امرت پال سنگھ کو ایک دن کی عبوری پیرول، پولیس حراست میں رہتے ہوئے دادی کی آخری رسومات میں ہوں گے شریک
اہل خانہ نے پہلے چرن کور کی آخری رسومات 3 دن کے لیے مؤخر کر دی تھیں اور حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ جیل میں بند رکن پارلیمنٹ امرت پال سنگھ کو پیرول دی جائے، تاکہ وہ آخری رسومات میں شامل ہو سکیں۔

پنجاب کے امرتسر کی ایک ضلعی عدالت نے جیل میں بند کھڈور صاحب کے رکن پارلیمنٹ امرت پال سنگھ کو ایک دن کی عبوری پیرول (حراست کے ساتھ) دی ہے، تاکہ وہ اپنے آبائی گاؤں جلوپور کھیڑا میں اپنی دادی کی آخری رسومات میں شامل ہو سکیں۔ امرت پال سنگھ کے وکیل کرم ویر سنگھ پنو نے بتایا کہ ’’حال ہی میں امرت پال سنگھ کی دادی کا انتقال ہو گیا ہے۔ ان کی آخری رسومات اور ضروری مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے امرت پال سنگھ کا وہاں موجود رہنا ضروری تھا۔ اس لیے ہم نے امرتسر کی ضلع عدالت میں ایک عرضی داخل کی تھی۔ تمام حقائق پر غور کرنے کے بعد جج نے انہیں ایک دن کی عبوری پیرول دے دی ہے۔‘‘
امرت پال سنگھ کے وکیل نے مزید بتایا کہ ’’اس دوران وہ پولیس کی حراست میں رہیں گے اور اس سے متعلق تمام اخراجات ان کا خاندان اٹھائے گا۔ دوپہر 2 بجے تک تفصیلی حکم آنے کی امید ہے، جس کے بعد ضروری کارروائی مکمل کی جائے گی۔ ان کے چچا ہرجیت سنگھ کو 3 دن کی پیرول ملی ہے اور ایک دیگر رشتہ دار سکھ مندیپ سنگھ کو 2 دن کی پیرل دی گئی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ اہل خانہ نے پہلے چرن کور کی آخری رسومات 3 دن کے لیے مؤخر کر دی تھیں اور حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ جیل میں بند رکن پارلیمنٹ امرت پال سنگھ کو پیرول دی جائے، تاکہ وہ آخری رسومات میں شامل ہو سکیں۔ ان کا جسد خاکی امرتسر میں خاندان کے آبائی گاؤں، جلوپور کھیڑا میں رکھا گیا ہے۔ اکالی دل کے شرومنی اکالی دل کے رہنما من پریت سنگھ ایالی نے بھی امرت پال کے لیے پیرول کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’جہاں سنگھ جرائم کے ملزمان کو بار بار پیرول مل جاتی ہے، وہیں سکھ سیاسی قیدیوں کو بنیادی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راحت بھی نہیں دی جا رہی ہے۔‘‘
داکھا کے رکن اسمبلی ایالی نے کہا کہ ’’بھائی امرت پال سنگھ کی دادی، ماتا چرن کور کا انتقال ہو گیا ہے۔ اہل خانہ نے آخری رسومات اس لیے مؤخر کر دی ہیں کہ شاید انہیں اپنی دادی کے آخری دیدار کی اجازت مل سکے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’یہ ایک مہذب معاشرہ کے اصولوں کے مطابق فطری انصاف کی ایک سادہ سی اپیل ہے۔ ایک پوتے کو اپنی دادی کو آخری بار الوداع کہنے کے حق سے اس طرح محروم نہیں کیا جا سکتا۔ افسران کو دوہرے معیار سے اوپر اٹھنا چاہیے اور بغیر کسی تاخیر کے انہیں عارضی پیرول دینی چاہیے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
