ایل اے سی پرچینی فوجی گشتی قوانین کی خلاف ورزی سے بگڑتے ہیں حالات: رندھیر جیسوال
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں حالات کبھی کبھار خراب ہو جاتے ہیں جب چینی فوجی گشت کے قائم کردہ اصولوں سے ہٹ جاتے ہیں۔

انڈو تبت بارڈر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل شتروجیت کپور کے بیان کے حوالے سے وزارت خارجہ کوایک وضاحتی بیان دینا پڑا ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ہندوستان-چین سرحد پر حالات وقتاً فوقتاً اس وقت خراب ہوتے جاتے ہیں جب چینی فوجی گشت کے قائم کردہ اصولوں سے ہٹ جاتے ہیں۔ ہندوستان نے اس بات پر زور دیا کہ سرحدی علاقوں میں امن و استحکام کو برقرار رکھنا دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مجموعی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق، تاہم انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع اس معاملے پر مزید معلومات فراہم کرے گی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے یہ تبصرہ انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے ڈائریکٹر جنرل شتروجیت کپور کے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ اروناچل پردیش میں سرحد کے ساتھ کئی علاقوں میں چینی فوجیوں کے ساتھ تصادم جاری ہے۔
آئی ٹی بی پی کے ڈائرکٹر جنرل شتروجیت سنگھ کپور نے ایک تقریب میں کہا تھا کہ اروناچل پردیش نے اندر حالات کا آمنا سامنا کیا جو ابھی تک جاری ہے۔ اروناچل پردیش میں ہندوستان اور چین کے درمیان تعطل کا ڈی جی سطح کے افسر کا یہ پہلا بیان تھا ۔ کانگریس پارٹی نے اس بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے اور حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔
رندھیر جیسوال نے مزید کہا، "جیسا کہ ہم پہلے کہہ چکے ہیں، جب چینی افواج پہلے سے طے شدہ گشت کے انداز سے ہٹ جاتی ہیں، تو ہندوستان چین سرحدی علاقوں میں حالات وقتاً فوقتاً بگڑ جاتے ہیں۔" انہوں نے کہا، "دونوں فریق لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے ساتھ بقایا مسائل کو حل کرنے اور غلط فہمیوں سے بچنے کے لیے موجودہ سفارتی اور فوجی طریقہ کار کو بروئے کار لاتے رہیں۔ دونوں فریقوں نے بہتر سرحدی انتظام کے لیے مناسب علاقوں میں ایل اے سی کی افہام و تفہیم کو بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر بھی زور دینا چاہیں گے کہ سرحدی علاقوں میں امن کو برقرار رکھنے کے لئے دو طرفہ تعلقات ضروری ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
