وزیر اعظم مودی کی ویڈیو ہٹانے پر معافی مانگیں مارک زکربرگ، پارلیمانی کمیٹی نے 3 دنوں کا دیا الٹی میٹم

پارلیمانی کمیٹی نے کہا ہے کہ ’’معافی نہیں مانگنے پر ہندوستانی حکومت فیس بک کا ’سیف ہاربر کلاز‘ ختم کر سکتی ہے، جس کی وجہ سے فیس بک کے افسران پر مجرمانہ مقدمے درج ہو سکیں گے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>مارک زکربرگ، فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

وزیر اعظم نریندر مودی کی ویڈیو کو فیس بک سے ہٹانے سے متعلق ٹیلی کمیونیکیشن اور آئی ٹی کی پارلیمانی کمیٹی نے سخت رخ اختیار کیا ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے کی صدارت والی اس کمیٹی نے میٹا (فیس بک) کے بانی مارک زکربرگ کو 3 دنوں کا الٹی میٹم دیا ہے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی نمائندگی کرنے والے وزیر اعظم مودی کی ویڈیو ڈلیٹ کرنا جمہوریت پر حملہ ہے۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ مارک زکربرگ فوری معافی مانگیں اور ذمہ دار لوگوں پر کارروائی کریں۔ کمیٹی نے مزید کہا کہ ’’ایسا نہ کرنے پر ہندوستانی حکومت فیس بک کا ’سیف ہاربر کلاز‘ ختم کر سکتی ہے، جس کی وجہ سے فیس بک کے افسران پر مجرمانہ مقدمے درج ہو سکیں گے۔‘‘

اس کے علاوہ کمیٹی نے متنبہ کیا ہے کہ گوگل، یوٹیوب، ایکس، فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ جیسے تمام پلیٹ فارم 3 دنوں کے اندر بچوں کا جنسی استحصال اور خواتین سے متعلق قابل اعتراض مواد کو ہٹا دیں، ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس درمیان تلنگانہ پولیس نے گوگل اور میٹا کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ گوگل پر مالی فراڈ ایپس کو پناہ دینے اور میٹا پر وزیر اعظم مودی کی جعلی ویڈیو شیئر کرنے کا الزام ہے۔ اس سے قبل پارلیمانی کمیٹی نے 3 اگست 2026 کو وزیر اعظم مودی کے ویڈیو کو فیس بک سے ہٹانے کے تنازعہ کو لے کر سوشل میڈیا کمپنی میٹا کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی تھی۔ کمیٹی کے صدر نشی کانت دوبے نے صاف کہا تھا کہ وزیر اعظم کی ویڈیو کو ہٹانے کے لیے مارک زکر برگ کو معافی مانگنی ہوگی، اور وہیں میٹنگ کے دوران میٹا نے پی ایم مودی کی ویڈیو ہٹانے پر معافی مانگی تھی۔ ساتھ ہی میٹا نے کہا تھا کہ ویڈیو تکنیکی وجوہات کے سبب ڈلیٹ ہوا تھا۔


کمیٹی کے کئی اراکین نے کہا ہے کہ یہ معمولی بات نہیں ہے، جواب دہی طے کرنی ہوگی۔ نشی کانت دوبے نے کہا تھا کہ سوال یہ ہے کہ میٹا انڈیا نے وزیر اعظم کا کنٹینٹ ہٹا دیا۔ حالانکہ یہ پہلی بار نہیں ہے۔ اگر آپ کو یاد ہو تو میٹا کے مالک مارک زکر برگ نے خود جنوری 2024 کے انتخاب کے تعلق سے بیان دیا تھا اور بعد میں معافی مانگی تھی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا ارادہ ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ ہماری کمیتی نے دو باتیں صاف طور پر کہی ہے کہ معافی مارک زکربرگ کی جانب سے آنی چاہئے۔ اگر زکر برگ ایسا نہیں کرتے ہیں تو ان سے سیکشن 79 کے تحت ملنے والی سیف ہاربر سیکورٹی واپس لے لینی چاہئے۔