امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اہلیہ جینیٹ کے ساتھ کیا تاج محل کا دیدار
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے دورۂ ہندوستان کے تیسرے دن اہلیہ جینیٹ کے ساتھ تاج محل کا دیدار کیا۔ وہ جے پور بھی گئے، جہاں ثقافتی ورثے سے واقف ہوئے۔ دورے کا مقصد باہمی تعاون مضبوط کرنا ہے

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے 4 روزہ سرکاری دورۂ ہندوستان کے تیسرے دن اہلیہ جینیٹ ڈی روبیو کے ساتھ تاج محل کا دیدار کیا۔ ان کے ساتھ امریکہ کے نائب قومی سلامتی مشیر رابرٹ گیبریل اور ہندوستان میں امریکی سفارت خانے کے سفیر سرجیو گور بھی موجود تھے۔ عالمی شہرت یافتہ تاج محل کے دورے کے دوران امریکی وفد نے تاریخی عمارت کی خوبصورتی اور اس کے فن تعمیر کا مشاہدہ کیا۔
سرجیو گور نے تاج محل کے سامنے لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں مارکو روبیو، جینیٹ ڈی روبیو اور رابرٹ گیبریل کو دیکھا جا سکتا ہے۔ تصاویر کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ تاج محل جیسی تاریخی اور عالمی اہمیت کی حامل یادگار پر دوبارہ آنا ایک شاندار تجربہ ہے۔ انہوں نے تاج محل کو ہندوستان کی غیر معمولی تہذیبی وراثت اور فن کاری کی بہترین علامت قرار دیا اور کہا کہ اس کی خوبصورتی ہر بار لوگوں کو متاثر کرتی ہے۔
مارکو روبیو اپنے چار روزہ سرکاری دورے کے سلسلے میں ہندوستان آئے ہیں۔ انہوں نے اپنے دورے کی شروعات کولکاتا سے کی، جس کے بعد وہ نئی دہلی پہنچے۔ نئی دہلی میں ان کا پروگرام انتہائی مصروف رہا، جہاں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران انہیں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت بھی دی گئی۔
اتوار کو مارکو روبیو اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے درمیان دو طرفہ مذاکرات بھی ہوئے، جنہیں دونوں ممالک کے تعلقات کے تناظر میں اہم مانا جا رہا ہے۔ ان بات چیت میں تجارت، دفاع، توانائی اور تزویراتی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آگرہ کے دورے کے بعد مارکو روبیو راجستھان روانہ ہوئے، جہاں انہوں نے اہلیہ کے ساتھ آمیر محل کا بھی دورہ کیا۔ وہاں انہیں راجستھان کی ثقافت، تاریخ اور وراثت سے روشناس کرایا گیا۔ ان کی آمد کے پیش نظر آمیر محل کو چند گھنٹوں کے لیے عام سیاحوں کے لیے بند رکھا گیا تھا۔
مارکو روبیو جے پور میں ایک دن گزارنے کے بعد منگل کی صبح نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ وہ نئی دہلی میں کواڈ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ ان کے دورۂ ہندوستان کا بنیادی مقصد امریکہ اور ہندوستان کے درمیان تجارت، دفاع، توانائی اور تزویراتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
