مینکا گاندھی کی مسلمانوں کو کھلی دھمکی، ’ووٹ نہ دیا تو کام نہیں کروں گی‘

مینکا گاندھی نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا ’’میں تو ہر حال میں جیت رہی ہوں لیکن یہ جیت مسلمانوں کے بغیر ہوئی تو مجھے اچھا نہیں لگے گا، بعد میں آپ میرے پاس آؤو گے تو میرا رویہ بھی بدلا ہوا پاؤو گے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مودی حکومت کی مرکزی وزیر اور سلطان پور سے بی جے پی کی امیدوار مینکا گاندھی نے ایک انتخابی جلسہ عام کے دوران مسلمان ووٹروں کو دھمکی دیتے ہوئے متنازعہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو دھمکاتے ہوئے کہا، ’’اگر آپ مجھے ووٹ نہیں دوگے تو میرے لئے بھی آپ کے لئے کام کرنا مشکل ہوگا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’انتخابات میں میری جیت مسلمانوں کے بغیر بھی ہوگی اور ساتھ بھی ہوگی۔ لیکن اگر جیت میں مسلمانوں کو تعاون نہیں ہوگا تو مجھے اچھا نہیں لگے گا۔‘‘

مینکا گاندھی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، حالانکہ اس بیان میں مینکا گاندھی کا ڈر کہیں نہ کہیں نظر آ رہا ہے۔

مینکا گاندھی نے کہا، ’’میں چناؤ جیت جاؤں گی، اس کے بعد آپ کو بھی میری ضرورت پڑے گی۔ اس ضرورت کی بنیاد ڈالنی ہوگی۔ چناؤ کے بعد جب مجھے پتہ چلے گا کہ آپ کی طرف سے مجھے 100 ووٹ ملے یا 200 ووٹ ملے تو جب آپ کام کے لئے آئیں گے تو میرا رویہ بھی ویسا ہی رہے گا۔‘‘

منکا گاندھی کا خوف زدہ کرنے کا سلسلہ یہیں نہیں تھما، انہوں نے مزید کہا، ’’ہم بھی کوئی مہاتما گاندھی کی چھٹی اولاد نہیں ہیں۔ ایسا تھوڑی ہے کہ ہم صرف دیتے ہی رہیں گے اور چناؤ میں ہائی بھی کھائیں گے۔‘‘ اتنا کہنے کے بعد انہوں نے کہا کہ دو دوستی کا ہاتھ لے کر ان کے پاس آئی ہیں۔

واضح رہے کہ مینکا گاندھی اس مرتبہ سلطان پور سے چناؤ لڑ رہی ہیں جبکہ 2014 میں وہ پیلی بھیت سے چناؤ لڑی تھیں۔ اس مرتبہ بی جے پی نے پیلی بھیت سیٹ سے مینکا گاندھی کے بیٹے ورون گاندھی کو امیدوار بنایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔