رافیل کی فائلیں لینے پاریکر کی خواب گاہ تک پہنچ گئے امت شاہ: کانگریس

گوا کانگریس نے متنازعہ رافیل معاہدہ سے متعلق بی جے پی صدر امت شاہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہفتہ کے روز ان کی گوا آمد کا اصل مقصد پاریکر کی خواب گاہ سے رافیل کی فائلیں حاصل کرنا تھا۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

رافیل معاہدہ پر روزانہ ہو رہے یکے بعد دیگرے انکشافات سے پریشان مودی حکومت اور بی جے پی پر گوا کانگریس نے ایک بڑا الزام عائد کیا ہے۔ منگل کو گوا کانگریس کے ترجمان جتیندر دیش پربھو نے رافیل معاہدہ سے متعلق براہ راست بی جے پی صدر امت شاہ کو نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی صدر امت شاہ کا ہفتہ کے روز گوا آنے کا اصل مقصد منوہر پاریکر کی خواب گاہ (بیڈ روم) سے رافیل ڈیل کی فائلیں حاصل کرنا تھا۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے میڈیا میں ہو رہے انکشافات سے متعلق دستاویز ان رافیل فائلوں کا حصہ ہو سکتے ہیں جو پاریکر کی ذاتی رہائش میں رکھے ہوئے ہیں۔

گوا کانگریس کے ترجمان جتیندر دیش پربھو نے پارٹی کے ریاستی صدر دفتر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’کانگریس الزام عائد کرتی ہے کہ شاہ کا گوا دورہ وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کے گھر سے فائلوں کو لینے کے مقصد سے تھا اور فائلیں لے لی گئی ہیں۔ فائلوں کو وہاں سے لینے کے بعد امت شاہ اور بی جے پی اب سکون کے ساتھ رہ سکتے ہیں اور اس کے بعد وہ منوہر پاریکر کو وزیر اعلیٰ عہدہ سے ہٹا سکتے ہیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ اب پاریکر پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بلیک میل نہیں کر پائیں گے۔‘‘

جتیندر دیش پربھو نے کہا کہ ریاست کے وزیر صحت وشوجیت رانے کے ساتھ ایک صحافی کی بات چیت کے افشا ہوئے آڈیو ٹیپ نے پہلے ہی اس کی تصدیق کر دی ہے کہ سابق وزیر دفاع رافیل معاہدہ سے متعلق فائل اپنے کمرے میں رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ مذکورہ متنازعہ ٹیپ میں مبینہ طور پر رانے سے ایک نامعلوم صحافی کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ پاریکر نے حالیہ کابینہ کی میٹنگ میں کہا تھا کہ رافیل سے جڑی فائل ان کی خواب گاہ میں رکھی ہوئی ہے۔ اس ٹیپ کے سامنے آنے کے بعد اس سلسلے میں جنوری میں پارلیمنٹ میں ہنگامہ بھی ہوا تھا۔

منگل کے روز جتیندر دیش پربھو نے الزام عائد کیا کہ امت شاہ نے حال ہی میں ریاست کا دورہ رافیل سے متعلق انہی فائلوں کو حاصل کرنے کے لیے کیا تھا اور پنجی میں پارٹی کے بوتھ کارکنان کو خطاب کرنے سے پہلے وہ پاریکر کے ساتھ ان کی ذاتی رہائش گاہ پر غیر رسمی طور پر 45 منٹ تک رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ’’امت شاہ کا کام پاریکر کی خواب گاہ سے فائل ہٹانا تھا تاکہ ان کا گھوٹالہ ظاہر نہ ہو پائے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ گزشتہ کچھ دنوں میں میڈیا میں افشا ہوئے رافیل کے دستاویزات سابق وزیر دفاع کی رہائش گاہ سے ہی نکلے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */