رسوئی گیس کی اضافی شرح کے خلاف ’مہیلا کانگریس‘ کا مظاہرہ

کانگریس ترجمان نے ایل پی جی کے داموں میں ہوئے اضافہ پر کہا کہ جب مرکز میں یو پی اے حکومت تھی تو بی جے پی مہنگائی کو ڈائن قرار دیتی تھی لیکن اب بی جے پی نے مہنگائی کو اپنی ’محبوبہ‘ بنا لیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: رسوئی گیس کی قیمتوں میں ہوئے اضافے کے خلاف مہیلا کانگریس کی کارکنان نے جمعرات کو شاستری بھون کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور کہا کہ جب بین الاقوامی بازار میں ایندھن کی قیمتیں گھٹ رہی ہیں تو حکومت شہریوں سے اس کے لیے زیادہ رقم کیوں وصول رہی ہے؟


مہیلا کانگریس کی صدر سشمتا دیو کی قیادت میں تنظیم کی سینکڑوں کارکنان یہاں شاستری بھون کے سامنے جلوس کی شکل میں پہنچی اور ہاتھوں میں ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوئے اضافے کے خلاف نعرے لکھے بینر اور تختیاں لے کر نعرے لگاتے ہوئے مظاہرہ کرتی رہیں۔

مظاہرین ہاتھوں میں سلنڈر والے پوسٹر لیے ہوئے تھے جن میں دہلی، ممبئی، چنئی اور کولکاتا میں گیس سلنڈر میں اضافی شرح کے ساتھ سلنڈر کی قیمت تحریر تھی۔ مظاہرین حکومت سے من مانی نہ کرنے، رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں کمی اور عوام کو حساب دینے کا مطالبہ کر رہی تھی۔ بعد میں خاتون مظاہرین سڑک پر بیٹھ کر دھرنا دینے لگیں۔


دہلی کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی مہیلا کانگریس کی قیادت میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں بڑھی ہوئی قیمتوں کی معلومات نہیں تھی اور جب بدھ کے روز وہ وہ سلنڈر لینے گئے تو اچانک بتایا گیا کہ ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔


واضح رہے کہ غیر سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں تقریباً 150 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جسے لے کر عام لوگوں میں سخت ناراضگی تھی۔ کانگریس کے ترجمان آر پی سنگھ نے ایل پی جی کے داموں میں ہوئے اضافہ پر کہا کہ جب مرکز میں یو پی اے حکومت اقتدار میں تھی تو بی جے پی مہنگائی کو ڈائن قرار دیتی تھی لیکن اب بی جے پی نے مہنگائی کو اپنی ’محبوبہ‘ بنا لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔