مہاراشٹر: کابینہ وزیر پنکجا منڈے کے ہیلی کاپٹر میں تکنیکی خرابی، بڑا حادثہ ٹل گیا
مہاراشٹر کی وزیر پنکجا منڈے کے ہیلی کاپٹر میں پرواز سے پہلے تکنیکی خرابی سامنے آئی، جس کے باعث لاتور کا فضائی سفر منسوخ کر دیا گیا، بروقت جانچ سے بڑا حادثہ ٹل گیا

مہاراشٹر کی ماحولیاتی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی سینئر رہنما پنکجا منڈے کے ہیلی کاپٹر میں منگل کے روز تکنیکی خرابی سامنے آنے کے بعد ایک ممکنہ بڑا حادثہ ٹل گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ضلع پریشد انتخابات کی مہم کے سلسلے میں چھترپتی سنبھاجی نگر سے لاتور جانے والی تھیں۔ پرواز سے قبل معمول کی جانچ کے دوران پائلٹ نے ہیلی کاپٹر میں فنی نقص محسوس کیا، جس کے فوراً بعد پرواز منسوخ کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق پنکجا منڈے کو چھترپتی سنبھاجی نگر سے لاتور ہیلی کاپٹر کے ذریعے روانہ ہونا تھا، تاہم اڑان بھرنے سے پہلے ہی تکنیکی خرابی کا انکشاف ہو گیا۔ احتیاطی تدبیر کے طور پر پائلٹ نے ہیلی کاپٹر کو فضا میں لے جانے سے انکار کیا، جس کے نتیجے میں وزیر کی فضائی سفر کی منصوبہ بندی فوری طور پر تبدیل کر دی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ بروقت فیصلے کے سبب کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔
اچانک پیش آنے والی اس صورتحال کے باعث پنکجا منڈے کے لاتور میں طے شدہ انتخابی جلسوں کے اوقات میں بھی تبدیلی کی گئی۔ وہ بعد ازاں زمینی راستے یا متبادل انتظامات کے تحت انتخابی مہم میں شامل ہوئیں۔ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہیلی کاپٹر میں کس نوعیت کی تکنیکی خرابی تھی، تاہم متعلقہ تکنیکی ٹیم کی جانب سے مکمل جانچ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ پنکجا منڈے اس وقت ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کے لیے سرگرم انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔ پیر کے روز انہوں نے چھترپتی سنبھاجی نگر کے بجاج نگر علاقے میں بی جے پی امیدواروں کے حق میں عوامی ملاقاتوں سے خطاب کیا تھا اور ووٹروں سے براہ راست رابطہ قائم کیا تھا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وہ آئندہ دنوں میں بھی مختلف اضلاع کا دورہ کر کے انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لیتی رہیں گی۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل 28 جنوری کو مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا تھا، جس میں ان کا انتقال ہو گیا۔ اس فضائی حادثے میں چار دیگر افراد بھی ہلاک ہوئے تھے۔ اجیت پوار ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کی مہم کے لیے بارامتی آ رہے تھے کہ اسی دوران ان کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارہ رن وے پر لینڈنگ کے وقت حادثے کا شکار ہوا۔
وہ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کی مہم کے لیے بارامتی آ رہے تھے کہ اسی دوران ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ طیارہ رن وے پر لینڈنگ کے وقت گر کر تباہ ہوا۔ 29 جنوری کو اجیت پوار کی آخری رسومات بارامتی کے ودیا پرتشٹھان گراؤنڈ میں ادا کی گئیں۔ اجیت پوار کو آخری وداع دینے کے لیے بارامتی میں لوگوں کی بھاری بھیڑ جمع ہوئی۔
اجیت پوار کے انتقال کے بعد ان کی اہلیہ سنیتر ا پوار کو ان کی جگہ نائب وزیر اعلیٰ مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں ایکسائز، کھیل اور اقلیتی ترقی کے محکموں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔