مہاراشٹر: قانون ساز کونسل کی 16 سیٹوں کے لیے انتخاب کا اعلان، سیاسی ہلچل ہوئی تیز
الیکشن کمیشن نے 16 سیٹوں پر انتخاب کرائے جانے سے متعلق مکمل شیڈیول جاری کر دیا ہے۔ انتخاب کا نوٹیفکیشن 25 مئی کو جاری کیا جائے گا، جبکہ 18 جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 22 جون کو نتیجہ آئے گا۔

مہاراشٹر کی سیاست میں ایک بار پھر ہلچل شروع ہو گئی ہے، کیونکہ قانون ساز کونسل کی کچھ سیٹوں کے لیے انتخاب کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق الیکشن کمیشن نے قانون ساز کونسل کی 16 سیٹوں کے لیے انتخاب سے متعلق مکمل شیڈیول جاری کر دیا ہے۔ شیڈیول کے مطابق قانون ساز کونسل انتخاب کا نوٹیفکیشن 25 مئی کو جاری کیا جائے گا اور 18 جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ 22 جون کو ووٹ شماری ہوگی، یعنی اس دن نتائج سامنے آ جائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ قانون ساز کونسل کی جن 16 سیٹوں پر انتخاب ہونا ہے، ان میں سولاپور، احمد نگر، ٹھانے، جلگاؤں، سانگلی-ستارا، ناندیڑ، اورنگ آباد-جالنا سیٹیں شامل ہیں۔ ان سبھی قانون ساز کونسل کی سیٹوں پر اراکین کی مدت کار گزشتہ دنوں الگ الگ تاریخوں میں پوری ہوئی ہے۔ 18 جون کو ان سیٹوں پر صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔ امیدوار اس کے لیے یکم جون تک پرچہ نامزدگی داخل کر سکیں گے اور نام واپس لینے کی آخری تاریخ 4 جون مقرر کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اصولوں کے مطابق مقامی بلدیہ کوٹہ کی سیٹ پر ضمنی انتخاب تبھی ہوتا ہے جب 75 فیصد مقامی بلدیہ کام کر رہے ہوں اور 75 فیصد ووٹرس عہدے پر ہوں۔ مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل افسر نے الیکشن کمیشن کو مطلع کیا کہ یہ شرطیں پوری ہو گئی ہیں، اس کے بعد ہی ضمنی انتخاب کے لیے شیڈول کا اعلان کیا گیا۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
