مہاراشٹر: ناگپور کے واٹر فلٹر پلانٹ میں کلورین گیس لیک ہونے سے افرا تفری، 60 سے زائد افراد اسپتال میں داخل
شدید گیس رساؤ کے واقعہ کے بعد جائے وقوع کے تقریباً 200 میٹر کے علاقے کو خالی کرا لیا گیا ہے اور علاقے کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔

مہاراشٹر کے ناگپور واقع گودھنی علاقے میں کلورین گیس لیک ہونے کا خوفناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ گودھنی گرام پنچایت کے واٹر فلٹر پلانٹ کے احاطے میں گیس کا رساؤ ہوا، جس کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ گیس کے رابطے میں آنے سے 60 سے زائد افراد کی طبیعت بگڑ گئی، جس کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ کئی لوگوں نے سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع نصف شب کے آس پاس سامنے آئی، جس کے بعد علاقے کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔
صورت حال کو قابو میں کرنے کے لیے میونسپل کارپوریشن کے فائر بریگیڈ کی ٹیم فوراً موقع پر پہنچی۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ کر آپریشن میں مصروف ہے۔ گیس کے رساؤ پر قابو پانے اور متاثرہ لوگوں کو بہ حفاظت نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ شدید گیس رساؤ کے واقعہ کے بعد جائے وقوع کے تقریباً 200 میٹر کے علاقے کو خالی کرا لیا گیا ہے اور علاقے کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے فائر بریگیڈ کی ٹیم صورت حال کو قابو میں کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گیس کا رساؤ نصف شب کے آس پاس ہی ہوا۔
گیس رساؤ کے اس واقعہ پر منکاپور کے سینئر پولیس انسپکٹر ہریش کالسیکر نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’کلورین گیس کے رساؤ کی وجہ سے 200 میٹر کے دائرے کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ اب تک 60 سے زائد مقامی لوگوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ فی الحال صبح 11 بجے تک کسی کو بھی اس علاقے میں آنے کی اجازت نہیں ہے۔ این ڈی آر ایف کی کارروائی اب بھی جاری ہے۔‘‘
