مہاراشٹر: بی جے پی نے کیا 125 امیدواروں کا اعلان، موجودہ 12 ارکان اسمبلی ٹکٹ سے محروم

بی جے پی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی۔ بی جے پی صدر امت شاہ نے میٹنگ کی صدارت کی۔ اس میٹنگ میں پی ایم نریندرمودی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی حصہ لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لئے 125امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا اور وزیراعلی دیویندر فڑنویس ناگپور جنوب-مغربی اسمبلی سیٹ پر پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ بی جے پی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی۔ بی جے پی صدر امت شاہ نے میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں وزیراعظم نریندرمودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری اور پارٹی کے کارگزار صدر جے پی نڈا نے حصہ لیا۔

بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے منگل کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ پارٹی کی مہاراشٹر اکائی کے صدر چندر کانت دادا پاٹل تھروڈ سیٹ پر امیدوار ہوں گے۔ پارٹی نے 12 حالیہ ارکان اسمبلی کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے جبکہ 12 خواتین کو بھی امیدوار بنایا گیا ہے۔


پارٹی نے شیواجی اور تلک کی اولادوں کو بھی امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی نے چھترپتی شیواجی کی اولاد شیویندر سنگھ بھوسلے کو ستارا سے اور لوک مانئے بال گنگا دھر تلک کی بہو مکتا تلک کو قصبہ پیٹ سے امیدوار بنایا ہے۔ پارٹی نے پنڈھرپور بٹھل مندر دیواستھان سمیتی کے صدر اتل بھوسلے کو کرار جنوبی اسمبلی سیٹ سے امیدوار بنایا ہے۔

ستارا لوک سبھا ضمنی انتخابات کے لئے بی جے پی نے شیواجی کی اولاد ادین راجے بھوسلے کو امیدوار بنایا ہے۔ سنگھ نے کہا کہ مہاراشٹر میں بی جے پی چار پارٹیوں کے ساتھ مل کر الیکشن لڑ رہی ہے اور دعوی کیا کہ الیکشن میں وہ تین چوتھائی اکثریت سے جیتے گی اور ریاست میں پھر سے حکومت بنائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔